پیر, جون 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 971

کن علاقوں میں تعلیمی ادارے تین دن کے لیے بند

0
زلزلہ ملیر اسکولوں میں چھٹی کراچی

ایبٹ آباد: شدید برفباری کے باعث گلیات کی 9 یوسیز میں تعلیمی ادارے تین دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرن گلی، نگری بالا، نتھیا گلی، تاجوال میں تعلیمی ادارے تین دن کے لیے بند ہوں گے۔

پٹن، کلاں، ککمنگ، نملی میرا اور خیرا گلی میں بھی تعلیمی ادارے بند ہوں گے۔

ادھر تحصیل غازی، خانپور میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

مری نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، دھند اور تیز ہواؤں سے موسم سرد ہوگیا، خراب موسم کے باعث بجلی کا نظام بھری طرح متاثر ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 سے 24 گھنٹے موسم بدستور سرد رہنے کی پیشگوئی ہے۔

شاہ زین مری کا شہری پر تشدد، فریقین میں صلح ہو گئی

0

کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں شاہ زین مری کے ساتھیوں سمیت شہری پر تشدد کے واقعے میں دونوں فریقین کے درمیان صلح ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق مدعی مقدمہ برکت علی سومرو نے راضی نامہ کر لیا ہے اور فریقین کے مابین راضی نامےکی کاپی بھی سامنے آگئی۔

ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان راضی نامےکا پتہ چلا ہے پولیس کو تاحال راضی نامےکا قانونی طور پر نہیں بتایا گیا، میڈیا کے ذریعے ہی پتہ چلا ہے کہ راضی نامہ ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شاہ زین کراچی میں ملا تو ضرور گرفتار کیا جائے گا کیس کاچالان بھی متعلقہ عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔

واضح رہے کہ واقعے کا مقدمہ 21 فروری کو برکت علی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس شاہ زین مری کو تلاش کر رہی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے فرار ملزمان کی گرفتاری کےلیے آئی جی سندھ کو خط لکھا ہے، خط میں بوٹ بیسن واقعے اور اس کے نتیجے میں درج مقدمے کا ذکر شامل ہے، آئی جی سندھ سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطے کی درخواست کی گئی ہے۔

برکت علی سومرو نے 19 فروری کو شاہ زین مری اور دیگر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا، خط میں بتایا گیا کہ بوٹ بیسن واقعے کے مقدمے میں نامزد 5 سیکیورٹی گارڈزکو گرفتار کیا گیا۔

خط میں بتایا گیا کہ مرکزی ملزم شاہ زین مری، غلام قادر، تاج گل اور محمد علی بلوچستان کے شہر کوہلو فرار ہوگئے ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے لکھے گئےخط میں ملزم شاہ زین مری کا رابطہ نمبر بھی دیا گیا ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری میں بلوچستان پولیس سے مدد لی جائے۔

7 گارڈ گرفتار

کراچی میں کلفٹن کے علاقے بوٹ بیسن میں مسلح افراد کے شہریوں پر تشدد کے واقعے کی اے آر وائی نیوز کی خبر کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔

شہریوں پر تشدد میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ گرفتار افراد میں شاہ زین مری کے4ذاتی محافظ سمیت 7گارڈ شامل ہیں۔

گرفتار محافظوں میں غوث بخش ،جلاد خان، علی زین ،حسن شامل ہیں جبکہ مرکزی ملزم شاہ زین مری گارڈز کیساتھ شہری پر تشدد کے بعد بلوچستان فرار ہوا تاہم شاہ زین مری کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔

’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی اداکارہ سالوں بعد منطرعام پر آگئیں

0
گریسی سنگھ

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ گریسی سنگھ سالوں بعد منظرعام پر آگئیں۔

اداکارہ گریسی سنگھ نے 2001 عامر خان کے ساتھ کامیاب فلم ’لگان‘ میں مرکزی کردار نبھایا اس کے بعد 2003 میں ’منا بھائی ایم بی ایس ایس‘ میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

لگان اور منا بھائی ایم بی بی ایس کی کامیابی کے بعد گریسی سنگھ ’گنگا جل‘ اور ’مسکان‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن اس کے بعد وہ فلموں سے غائب ہوگئیں۔

البتہ انہوں نے 2021 میں ٹی وی ڈرامے میں کام کیا جسے بہت کم لوگ ہی جانتے ہیں۔

تاہم اب اداکارہ سالوں بعد سامنے آئیں اور انہوں نے اشوتوش گواریکر کے بیٹے کونراک گواریکر کی شادی میں شرکت کی جس میں عامر خان سمیت دیگر اداکار بھی شریک ہوئے۔

گریسی سنگھ نے اس موقع پر فوٹو گرافر کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

انہوں نے گلابی رنگ کا لہنگا زیب تن کیا اور اس کے ساتھ میچنگ کی جیولری بھی پہن رکھی تھی۔

جرمنی میں خوفناک واقعہ، کئی افراد کچلے گئے

0

جرمی میں تیز رفتار گاڑی ہجوم پر چڑھانے کا ایک اور واقعہ پیش آگیا۔

غیرملکی ایجنسی کے مطابق مغربی جرمنی کے شہر مین ہائیم میں ڈرائیور نے تیز رفتار گاڑی سے کئی افراد کو کچل کر دیا۔

کار کے ہجوم سے ٹکرانے سے کم از کم ایک شخص ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے۔

پولیس کے ترجمان اسٹیفن ولہیم نے بتایا کہ پیر کے روز ایک ڈرائیور نے مانہیم کے پیدل چلنے والے علاقے کے ایک چوک پیراڈپلاٹز میں لوگوں کے ایک گروپ سے گاڑی ٹکرا دی۔

انہوں نے کہا کہ "متعدد” لوگ زخمی ہوئے ہیں لیکن پولیس ابھی تک یہ واضح نہیں کر سکی کہ کتنے زخمی ہوئے یا انہیں کتنی بری طرح سے چوٹیں آئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ ایک مجرم کو گرفتار کیا گیا ہے ہم ابھی تک اس بارے میں معلومات نہیں دے سکتے کہ آیا مزید کتنے ملزمان ہیں۔

Paradeplatz، شہر کے مرکز کے علاقے کا ایک بڑا چوک ہے اس شہر کی آبادی 326,000 ہے اور یہ فرینکفرٹ سے 85km (53 میل) جنوب میں ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی رپورٹ کے مطابق، مین ہائیم یونیورسٹی ہسپتال نے کہا کہ وہ ممکنہ بڑے پیمانے پر ہلاکت کے واقعے کے لیے تیار ہے۔ ہسپتال نے زخمیوں کی دیکھ بھال کی تیاری کے لیے اپنے ڈیزاسٹر اور ایمرجنسی پلان کو نافذ کر دیا ہے۔

’بھارت کو ٹریوس ہیڈ کا خوف نکال کر میدان میں اترنا ہوگا‘

0
ٹریوس ہیڈ

سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارت کو ٹریوس ہیڈ کو خوف نکال کر میدان میں اترنا ہوگا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں کل بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیموں کے مابین میچ دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ہربھجن سنگھ نے بھارت کو سیمی فائنل میچ سے قبل مفید مشورے دیے ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ پہلا یہ بھارت ٹریوس ہیڈ کے خوف کو نکال دے اور انہیں آؤٹ کریں، شامی کو اب انہیں رنز نہیں بنانے دینے۔

انہوں نے کہا کہ میکسویل اور انگلس تگڑے ہیں جو چھکے مارتے ہیں اور تیزی سے رنز کرتے ہیں انہیں روکنا ہوگا۔

ہربھجن سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ تیسرا یہ ہے کہ ناک آؤٹ میچ ہے کچھ نیا نہ کریں اسی طریقے سے کھیلیں جیسے گزشتہ میچوں میں کھیلتے آرہے ہیں۔

لطف اللہ خان: خزانۂ صوت کے مالک کا تذکرہ

0
لطف اللہ خان

لطف اللہ خان پاکستان کے مشہور کلکٹر اور آرکائیوسٹ تھے۔ انھوں نے پاکستان اور جنوبی ایشیاء کے نام ور فن کاروں کی پرفارمنس کو ریکارڈ کیا، شاعروں، مصنفین اور دیگر شخصیات کی تخلیقات کو ان کی آواز میں‌ محفوظ کر کے اپنی لائبریری کی زینت بنایا جس میں قدم رکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے۔

وہ ایسے خزانے کے مالک تھے جس کا تعلق فن و تہذیب سے تھا۔ لطف اللہ خان نے اہلِ‌ علم و فن کی آواز کو ریکارڈ کر کے ایک بڑا کام کیا جس کی مثال شاذ ہی ملے گی۔ وہ اپنی نوعیت کی ایک عدیم النظیر ‘آواز لائبریری’ کے منتظم اور بطور مصنّف بھی مشہور تھے۔ لطف اللہ خان 2012ء میں آج ہی کے روز وفات پاگئے تھے۔

25 نومبر 1916ء کو لطف اللہ خان مدراس میں پیدا ہوئے جسے اب چنئی کہا جاتا ہے۔ ان کے والد ساؤتھ انڈین ریلوے کمپنی میں ملازمت کرتے تھے۔ لطف اللہ نے تعلیم مدراس میں حاصل کی۔ وہ تقسیم ہند کے بعد 1947ء میں پاکستان ہجرت کرکے کراچی میں مقیم ہوئے۔ یہاں وہ ایک تشہیری ادارے سے منسلک رہے۔

لطف اللہ خان کے پاس ہر بڑے فن کار کی آواز کا ریکارڈ موجود تھا۔ اس کے لیے انھوں‌ نے بڑی بھاگ دوڑ کی اور ایسے تمام ریکارڈ کو مختلف جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سافٹ ویئرز کی مدد سے محفوظ کرتے رہے۔ فیض احمد فیض کی آواز ہو یا مولانا احتشام الحق تھانوی کا درس اور وعظ، ہندوستان کے بڑے بڑے گلوکاروں کی پرفارمنس ہو یا نام ور دانش ور اور اہلِ علم کے لیکچرز… یہ سب ان کی لائبریری میں‌ مل جاتا ہے۔ لطف اللہ خان نے مذہب، سیاست، فن و ثقافت، ادب اور علم کی دنیا کے ہر بڑے نام کی آواز کو گویا ایک خزانہ اور موتی سمجھ کر اپنے دامن میں‌ بھر لیا جس سے آج ہم بھی استفادہ کر رہے ہیں۔

ان کا گھر ایک بڑی عظیم لائبریری ہے جس میں بالخصوص پاک و ہند سے شاعری، افسانہ، موسیقی اور سیاست سمیت کئی شعبۂ حیات کی نام ور اور قابلِ‌ ذکر شخصیات کی آوازیں ایک ریکارڈ روم میں‌ مل جاتی ہیں۔ ان میں‌ گاندھی، نہرو اور قائداعظم کی تقریریں، لیاقت علی خان اور بھٹو کی آواز میں تقریر کے علاوہ مولانا مودودی کی آواز بھی شامل ہے۔ گلوکارہ ثریا کی آواز میں خواجہ فرید کی کافیاں، جوش ملیح آبادی کا زبان و بیان پر لیکچر، شوکت صدیقی آواز میں‌ افسانہ اور بیگم شائستہ اکرام اللہ، قدرت اللہ شہاب، غلام عباس کی آواز اور بہت سے نام ہیں‌ جن کو ہم فراموش بھی کرچکے ہیں مگر لطف اللہ خان کی لائبریری میں وہ بولتے ہوئے مل جائیں گے۔ لطف اللہ خان نے اس خزانے کو جمع کرنے پر زندگی کے کئی سال لگائے اور ہر ممکن حد تک اسے موسم اور استعمال کے دوران خراب ہونے سے محفوظ بنانے کے لیے رقم اپنی جیب سے خرچ کی۔

لطف اللہ خان کی برسی پر ہم اردو کے نام ور شاعر اور استاد پروفیسر سحر انصاری کے ایک مضمون سے چند پارے نقل کررہے ہیں‌، ملاحظہ کیجیے۔

"شیخ سعدیؒ کے ایک مصرعے کا مطلب یہ ہے کہ خالق نے ہر کسی کو کسی خاص کام کے لیے تخلیق کیا ہے۔ ایک ایسی ہی مخصوص، مختلف اور منفرد شخصیت لطف اللہ خان صاحب کی تھی۔ وہ ایک اشتہار ساز ادارے کے بانی و سربراہ تھے۔ مدراس جس کا نام اب چنئی ہے، ان کی جائے پیدائش تھی۔ لطف اللہ خان صاحب کو ادب، فنون لطیفہ، موسیقی، شاعری اور شخصیات کے مطالعے کا گہرا شغف تھا۔ وہ اشتہار سازی کے سلسلے میں جب ٹیپ ریکارڈر سے پہلی بار متعارف ہوئے تو انھیں اپنی والدہ محترمہ کی گفتگو کو محفوظ کرنے کا خیال ہوا۔ اس کے بعد وہ کلاسیکی موسیقی مشاعرے، تقاریر، شخصیات کے انٹرویو وغیرہ کی ریکارڈنگ کی طرف متوجہ ہوئے۔ رفتہ رفتہ ایک ایسا بے مثال خزانہ فراہم ہو گیا جس کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ خدا نے انھیں ایک طویل عمر دی اور وہ ساری زندگی نہایت مستقل مزاجی سے کسی صلے کی پروا کیے بغیر آنے والی نسلوں کے لیے یہ بے مثل آواز خزانہ جمع کرتے رہے۔ وہ اس فن میں ذاتی محنت، جاں کاہی اور تکمیلیت کا اعلیٰ معیار قائم رکھتے تھے۔ لطف اللہ خان صاحب نے کتابیں بھی تصنیف کی ہیں جن میں موسیقی، یادداشتیں، سفرنامے اور بعض اہم شخصیات کے خاکے شامل ہیں۔”

ویرات کوہلی نے اکشر پٹیل کے پاؤں کیوں چھو لیے؟

0

چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے اکشر پٹیل کے پاؤں چھو لیے۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 250 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 205 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ تجربہ کار کین ولیمسن کی 81 رنز کی مزاحمتی اننگز بھی رائیگاں گئی۔

کپتان مچل سینٹنر 28 اور ول ینگ 22 رنز بنا سکے۔

بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے اپنی گھومتی گیندوں سے بلے بازوں کو چکرا دیا۔ انہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ کلدیپ یادیو نے 2، پانڈیا، اکشرپٹیل اور جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں منگل کو آسٹریلیا سے ٹکرائے گی۔

تاہم جیسے ہی روہت شرما کو اکشر پٹیل کو اوور دیا تو انہوں نے اہم مواقع پر کین ولیمسن کو اسٹمپڈ آؤٹ کروایا جس کے بعد وکٹ کا جشن مناتے ہوئے ویرات کوہلی نے اکشر پٹیل کے پاؤں چھوئے۔

ویرات کوہلی کے پاؤں چھونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداح بھی اس پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔

’افراطِ زر 1.5 فیصد پر آگئی، سستی اشیا کی فراہمی اولین ترجیح ہے‘

0
وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف نے کنزیومر پرائس انڈیکس سے متعلق افراط زر میں مسلسل کمی پر اظہارِاطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امرانتہائی خوش آئند ہے کہ  افراط زر فروری میں 1.5 فیصد پر آگئی۔

وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ ستمبر 2015 کے بعد یہ سب سےکم شرح افراط زر ہے موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ہے اس موقع پر یہ انتہائی اچھی خبرہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی 2024 سے فروری 2025 تک افراط زر کی اوسط 5.9 فیصد تک رہی، پچھلےمالی سال میں اسی عرصہ میں افراط زر اوسط 28 فیصد تھی یہ ایک نمایاں کمی ہے معاشی ٹیم کی شاندارکوششوں کی بدولت معاشی اشاریے ہرگزرتےدن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں معیشت میں مسلسل بہتری مستعد  ٹیم ورک کا نتیجہ ہے معیشت کی بہتری، کاروباراورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میکرو اکنامک معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہو گی، عوام کو سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بابر اعظم میرے پسندیدہ نہیں رہے، سونیا حسین

0
سونیا حسین

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اب میرے پسندیدہ کھلاڑی نہیں رہے۔

اے آر وائی نیوز کے کرکٹ اسپیشل شو ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں حال ہی میں اداکارہ سونیا حسین نے شرکت کی اور میزبان کے معصومانہ سوالات کے جوابات دیے۔

میزبان نے پوچھا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں آپ کا پسندیدہ کھلاڑی کون سا ہے؟

جواب میں سونیا حسین نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں اب تک تو میرے فیورٹ کھلاڑی بابر بھائی تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

اداکارہ نے کاہ کہ اب میرا پسندیدہ کھلاڑی کوئی اور ہے لیکن میں اس کا نام نہیں جانتی۔

سونیا حسین کا کہنا تھا کہ سابقہ کھلاڑیوں میں مجھے شعیب اختر بے حد پسند ہیں، ان کی اپنی ہی ایک پہچان ہے وہ آج بھی کھلاڑیوں کے درمیان کھڑے ہوں تو الگ ہی دکھتے ہیں۔

’پاکستان ٹیم بھارت سمیت تمام ٹیموں کو مضبوط جواب دے سکتی ہے‘

0
پاک بنگلادیش سیریز: قومی ٹیم کیلئے عارضی بولنگ اور بیٹنگ کوچ تعینات

پاکستان کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے بھارت کو پاکستان سے دو طرفہ سیریز کا چیلنج دے دیا۔

سابق کرکٹر ثقلین مشتاق کا یہ چیلنج اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت نے پاکستان کو جاری چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شکست دی تھی۔

پاکستان، دفاعی چیمپئن اور میزبان، چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے ہاتھوں پے در پے شکستوں کے بعد باہر ہو گیا۔

سابق کرکٹرز نے ذکر کیا کہ ہندوستان نے پچھلے دو تین سالوں میں تقریباً تمام آئی سی سی ٹورنامنٹس کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ اگر ہم سیاسی چیزوں کو ایک طرف رکھیں تو ان کے کھلاڑی بہت اچھے ہیں اور وہ اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اگر آپ واقعی ایک اچھی ٹیم ہیں تو میرا خیال ہے کہ آئیے پاکستان کے خلاف 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 10 ٹی 20 کھیلیں تب سے کچھ واضح ہوجائے گا۔

سابق اسپنر نے کہا کہ اگر پاکستان نے اپنی تیاریاں درست کرلیں تو بھارت کو شکست دے سکتا ہے۔

سابق پاکستانی کرکٹر کا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا تیاری بہتر ہو اور صحیح سمت میں کام کیا جائے تو قومی ٹیم بھارت سمیت دنیا بھر کو مضبوط جواب دے سکتی ہے۔

ثقلین مشتاق کے اس چیلنج نے شائقین میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پاک بھارت کرکٹ ہمیشہ سے ہی سب سے زیادہ جوش و جذبے سے بھرپور رہی ہے، مگر حالیہ برسوں میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی میں واضح فرق نظر آ رہا ہے۔