اتوار, جون 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 977

کراچی : ڈاکوؤں نے دکاندار کو سینے پر گولیاں مار کر قتل کردیا

0
ڈکیتی میں مزاحمت

کراچی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد نے دکاندار کو جان سے مار دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک دکاندار کو ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر دکان کے اندر ہی قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 55 سالہ خان محمد کے نام سے ہوئی ہے جو پانچ بچوں کا باپ اور پچھلی گلی میں ہی رہائش پذیر تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کردی تھی اس دوران سپر ہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس نے ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کیا اس موقع پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی بھی ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

کورنگی میں پولیس مقابلہ، ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم عمر کے قبضے سے ایک پستول اور موبائل فون برآمد ہوا ہے،مقابلے میں پولیس کانسٹیبل یعقوب موٹرسائیکل سلپ ہونے سے زخمی ہوا، ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔

شاہ زین مری کا شہری پر تشدد، فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے آئی جی سندھ کو خط

0

کراچی: بوٹ بیسن پر شاہ زین مری کی جانب سے سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ شہری پر تشدد کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا گیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے فرار ملزمان کی گرفتاری کےلیے آئی جی سندھ کو خط لکھا ہے، خط میں بوٹ بیسن واقعے اور اس کے نتیجے میں درج مقدمے کا ذکر شامل ہے، آئی جی سندھ سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطے کی درخواست کی گئی ہے۔

برکت علی سومرو نے 19 فروری کو شاہ زین مری اور دیگر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا، خط میں بتایا گیا کہ بوٹ بیسن واقعے کے مقدمے میں نامزد 5 سیکیورٹی گارڈزکو گرفتار کیا گیا۔

خط میں بتایا گیا کہ مرکزی ملزم شاہ زین مری، غلام قادر، تاج گل اور محمد علی بلوچستان کے شہر کوہلو فرار ہوگئے ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے لکھے گئےخط میں ملزم شاہ زین مری کا رابطہ نمبر بھی دیا گیا ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری میں بلوچستان پولیس سے مدد لی جائے۔

کراچی : بوٹ بیسن میں شہریوں پر تشدد کرنے والے شاہ زین مری کے 4 ذاتی محافظوں سمیت 7 گارڈز گرفتار

مسجد الحرام مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر

0
اعتکاف رجسٹریشن

ریاض : مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کی تیاریاں شروع کردی گئیں، خواہشمند افراد کیلیے رجسٹریشن کا آغاز جلد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں اعتکاف کیلئے رجسٹریشن کا آغاز 5 مارچ سے ہوگا۔

دی اسلامک انفارمیشن نامی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں مقدس مساجد کی جنرل اتھارٹی نے رمضان المبارک 2025 کے دوران اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

معتکفین کی رجسٹریشن اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مساجد میں اعتکاف کے لیے مختص جگہوں کو پُر نہیں کیا جاتا۔

انتظامیہ کے مطابق ماہ صیام 2025 میں دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے والے خواہشمند حضرات 5 مارچ کو دن 11 بجے سے اتھارٹی پورٹل پرکوائف رجسٹر کراسکتے ہیں۔

درخواست دہندگان کو کچھ ضروریات کو پورا کرنا ہوگا، انہیں ان مساجد میں قواعد و ضوابط کی پابندی کے لیے یقین دہانی کروانا ہوگی۔

جنرل اتھارٹی نے اعتکاف رجسٹریشن کے لیے استعمال ہونے والی وزیٹر ایپ کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے جس کے تحت ابھی صرف سعودی شہریوں اور اقامہ ہولڈرز کو رسائی دی گئی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ بین الاقوامی زائرین اور عازمین حج سعودی رہائشی اجازت نامے (اقامہ) کے بغیر اب ان دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کے لیے اندراج نہیں کراسکیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق حرمین شریفین میں ہر معتکف کو خصوصی کارڈ اور لاکر فراہم کیا جائے گا۔

انضمام الحق نے آئی پی ایل کے بائیکاٹ کا کیوں کہا؟

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ تجزیہ کار انضمام الحق کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ کے بائیکاٹ کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔

ثقلین مشتاق کے بعد پاکستان کے ایک اور لیجنڈ کرکٹر انضمام الحق نے چیمپیئنز ٹرافی میں جاری تنازع کے درمیان بی سی سی آئی پر تنقید کی ہے، انھوں نے دیگر بورڈز پر زور دیا کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا بائیکاٹ کریں اگر بھارتی اپنے کرکٹرز کو ریلیز نہیں کرتا۔

انضمام نے دیگر بورڈز کو یاد دلایا کہ بھارت اپنے کھلاڑیوں کو بیرون ملک لیگز میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا، لیکن غیرملکی پلیئرز آئی پی ایل کھیلتے ہیں۔

نجی چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق لیجنڈ کرکٹر کا کہنا تھا کہ "چیمپیئنز ٹرافی کو ایک طرف رکھیں، ٹاپ کرکٹرز آئی پی ایل میں حصہ لیتے ہیں لیکن بھارتی کھلاڑی دوسری لیگز میں حصہ نہیں لیتے۔

’بابر اعظم کوئی انضمام الحق نہیں، نیا ٹیلنٹ آزمایا جائے‘

انضمام الحق نے کہا کہ اگر بی سی سی آئی اپنے کھلاڑیوں کو دوسری لیگز کے لیے ریلیز نہیں کرتا تو پھر دوسرے بورڈز کو بھی موقف اختیار کرنا چاہیے اور اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں بھیجنا بند کر دینا چاہیے۔

خیال رہے کہ ناصر حسین اور مائیکل ایتھرٹن چیمپئنزٹرافی میں بھارت کے ‘فائدے’ پر سخت سوالات اٹھا چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بلیو شرٹس کے سارے میچ دبئی میں رکھ کر انھیں فائدہ دیا گیا۔

اس تنازع کے بیچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ دونوں ٹیمیں بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ کی ممکنہ تیاری کےلیے متحدہ عرب امارات روانہ ہوچکی ہیں۔

پاک بھارت میچ سے قبل انضمام الحق کا بمراہ سے متعلق اہم بیان

اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بھارتی شہری کو گولیاں مار دی گئیں

0

اردن سے اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران کیرالی باشندے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ کے ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ ایک ہندوستانی شہری کو اردن کی سیکورٹی فورسز نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا جب وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر دوسرے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

متوفی کی شناخت 47 سالہ تھامس گیبریل پریرا کے طور پر کی گئی ہے جو کیرالا ترواننت پورم کے قریب تھوبا کا رہنے والا ہے۔ ایک اور شخص جس کا نام 43 سالہ ایڈیسن تھا وہ متوفی کے ساتھ تھا وہ مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

تھامس اور ایڈیسن دونوں ماہی گیر برادری سے تعلق رکھتے تھے اور آٹورکشا ڈرائیور تھے۔ یہ واقعہ ان کے اردن جانے کے پانچ دن بعد 10 فروری کو پیش آیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، انہیں اردن میں عمان میں ہندوستانی سفارت خانے سے ایک خط ملا جس میں کہا گیا تھا: "تھامس اور ایک اور شخص کرک ضلع میں غیر قانونی طور پر اردن کی سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے، سیکورٹی فورسز نے انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے وارننگ نہیں سنی۔ گارڈز نے ان پر گولیاں چلا دیں۔ ایک گولی تھامس کے سر میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

بعد ازاں اس کی لاش کو مقامی اسپتال بھیج دیا گیا۔

ہائبرڈ ماڈل پر سارے بورڈز راضی تھے، اب شور مچانے کا کیا فائدہ؟ باسط علی

0

باسط علی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ سے پہلے ہائبرڈ ماڈل ہوا سب بورڈز نے ایگری کیا، ہارنے کے بعد بات کررہے ہیں پہلے شور مچانا چاہیے تھا۔

اے آر وائی کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اگر پاکستان آتی تو یہاں کی پچز پر 400 رنز اسکور کرتی، ہم نے اپنے ملک میں اسپین پچز کیوں نہیں بنائیں؟

انھوں نے کہا کہ ہمارے کوچنگ اسٹاف کو نہیں پتہ یہاں پر اسپن پچز بنانی چاہیے، ٹورنامنٹ سے پہلے بھارت کی جو سوچ تھی وہ آج ثابت ہوئی کہ 5 اسپنر رکھے۔

باسط علی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کی جیت میں بہت سی چیزیں شامل ہیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت کی سوچ بہت اہم ہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے فاسٹ بولرز نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بھارت کی طر ف سے اسپینئرز نے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم میں بہت کانفیڈنس ہے، بھارتی ٹیم میں کھلاڑیوں کو اپنے کردار کا اندازہ ہے، کھلاڑیوں کو پتہ ہے کہ ہمیں کیسے پرفارم کرنا ہے، کامیابی یہی ہے کہ کسی ایک یا دو پر انحصار نہیں کرتے۔

کامران اکمل نے کہا کہ بطور ٹیم کھیلیں تو کامیابی ضرور ملتی ہے، میرٹ اور کنڈیشن کے مطابق وہ ٹیم بناتے ہیں، اس لیے وہ کامیاب ہیں، وہ دباؤ کے باوجود میچ نکال لیتے ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

ماہ رمضان میں نیند کی کمی کیسے پوری کی جائے؟

0
نیند کی کمی

ماہ رمضان میں ہماری مصروفیات عام ایام سے ذرا مختلف ہوتی ہیں جس کی وجہ سے نیند کی کمی کی شکایت سب سے زیادہ ہوتی ہے لہٰذا جسمانی اور ذہنی تندرستی کے لیے نیند پوری کرنا بہت ضروری ہے۔

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ رات کو دیر تک نماز کے لیے اور سحری کے لیے جلدی جاگنے کے ساتھ نیند کا تسلسل کیسے برقرار رکھا جائے؟۔

یاد رکھیں ماہ رمضان کے دوران نیند کی کمی کو پورا کرنے کیلیے چند طریقوں کو اپنا معمول بنا کر نیند کا دورانیہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

 سونے کا وقت مرتب کریں

مستقل مزاجی جسمانی سکون بھی فراہم کرتی ہے جس کے لیے آرام کرنا ضروری ہے۔ دن کے 24گھنٹوں میں 8 گھنٹے مسلسل سونا ضروری ہے تاہم ایسا ممکن نہ تو اس دورانیے کو وقفہ دے کر بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ سوتے ہوئے پرسکون ماحول اور کمرے میں اندھیرا رکھیں تو زیادہ بہتر ہوگا، بلاتعطل نیند کے لیے آئی ماسک کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے، اچھی اور بھرپور نیند جسم اور دماغ میں توانائی کی سطح کو بڑھاتی ہے۔

قیلولہ

اس کے علاوہ روزانہ سونے اور جاگنے کا وقت یکساں ہو۔ اگر ہوسکے تو دوپہر کے وقت مختصر سا قیلولہ بھی کیا جاسکتا ہے اس سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

مگر دوپہر کی اس نیند کا دورانیہ 20 سے 30 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ زیادہ وقت سونے سے جسمانی و ذہنی تھکاوٹ کا احساس بڑھ جاتا ہے۔

ڈی ہائیڈریشن سے بچیں

پانی کی کمی کو روکنے کے لیے افطار (روزہ افطار) اور سحری کے درمیان وافر مقدار میں پانی پئیں جو آپ کی نیند کے معیار کو بہتر کر سکتا ہے۔

کیفین اور شوگر کا استعمال کم کریں

سونے کے وقت کے قریب کیفین اور شوگر پر مشتمل مشروبات پینے سے پرہیز کریں، کیونکہ وہ آپ کی سونے کی صلاحیت میں خلل ڈال سکتے ہیں۔

دھوپ میں بیٹھیں

اپنے جسم کی اندرونی گھڑی کو منظم کرنے میں مدد کے لیے دن کے وقت قدرتی سورج کی روشنی میں دھوپ میں بیٹھیں۔ اور شام کو روشنی کو مدھم کریں۔

متوازن غذا لیں

سحری اور افطار کے دوران متوازن غذا کھائیں، جس میں پروٹین، پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس اور صحت مند چکنائیاں شامل ہیں تاکہ دن بھر توانائی فراہم کی جاسکے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے کھانوں میں مختلف کھانوں جیسے پروٹین (گوشت، انڈے، یا دالیں جیسے کھانے سے)، پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس، اناج اور سبزیاں، صحت مند چکنائی جیسے کہ گری دار میوے میں پائی جاتی ہے کا ایک اچھا مکسچر ایک متوازن خوراک ہوسکتا ہے۔

مشہور ہالی ووڈ اداکار نے کارکنوں کے ساتھ افطار کیلیے فلائٹ مؤخر کر دی

0

ہالی ووڈ کے مشہور اداکار نے دبئی میں کارکنوں کے لیے افطار میں شامل ہونے کے لیے فلائٹ میں تاخیر کر دی۔

ہالی ووڈ اداکار، امریکی ٹی وی میزبان، اور سابق فٹ بال کھلاڑی ٹیری کروز نے دبئی سے باہر پرواز میں تاخیر کی اور ہفتہ کو رمضان کے پہلے دن یہاں کارکنوں کے لیے افطار کا کھانا پیک کرنے اور پیش کرنے میں مدد کی۔

Ramadan in UAE: Hollywood actor delays flight to join iftar for workers in  Dubai, feels 'choked up'

وائٹ چِکس، دی ایکسپینڈیبلز سیریز جیسی فلموں میں اپنے کرداروں کے ساتھ ساتھ مقبول ٹی وی شو بروکلین نائن نائن میں اپنے کردار کے لیے مشہور، کریو نے الکوز انڈسٹریل ایریا میں دی گیونگ فیملی کے زیر اہتمام افطار کھانے کی تقسیم میں حصہ لیا۔

انہوں نے وہاں موجود کارکنوں کے ساتھ افطار باکس پیک کیے اور پھر تقسیم کرنے میں ہاتھ بٹایا۔ اس موقع پر وہ کارکنوں کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی بنوائیں۔

Ramadan in Dubai: Hollywood actor delays travel plan to pack, serve iftar  boxes to workers

فیملی کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی ہزاروں افراد کے لیے مفت افطار کی تقسیم کی مہم چلائی گئی ہے جس میں نامور ہالی ووڈ شخصیت نے شرکت کر کے ٹیم کا حوصلہ بڑھایا ہے۔

اسلامی تاریخ‌ پر مبنی ناولوں سے مقبولیت پانے والے نسیم حجازی

0

اسلامی تاریخ کے مختلف ادوار اور کرداروں‌ کو ناولوں میں سمیٹ کر ہمارے سامنے رکھنے والے نسیم حجازی کی آج برسی منائی جارہی ہے۔ وہ مسلمانوں‌ کے شان دار ماضی کے ایک پرستار ہی نہیں تھے بلکہ ان میں اپنے دینی تشخص کے احیا کی شدید خواہش بھی تھی جس کی مثال ان کے ناول ہیں۔

داستانِ مجاہد وہ ناول ہے جس کے پیش لفظ میں نسیم حجازی بطور مصنف لکھتے ہیں:

"ایک مدّت تک میں یہ فیصلہ نہ کر سکا کہ تاریخِ اسلام کے کس واقعے کو اپنے افسانے کی زینت بناؤں۔ میں کسی ایک پھول کی تلاش میں ایک ایسی سر سبز و شاداب وادی میں پہنچ چکا تھا جس کی آغوش میں رنگا رنگ پھول مہک رہے تھے۔ دیر تک میری نگاہیں اس دل فریب وادی میں بھٹکتی رہیں اور میرے ہاتھ ایک پھول کے بعد دوسرے پھول کی طرف بڑھتے رہے۔ میں نے رنگا رنگ پھولوں سے اپنا دامن بھر لیا۔”

اسی مضمون میں آگے چل کر انھوں نے لکھا:

"آج میں ان پھولوں کو ایک گل دستے کی صورت میں پیش کر رہا ہوں۔ اگر اس گلدستے کو دیکھ کر ہمارے نوجوانوں کے دلوں میں اس وادی کی سیاحت کا شوق اور اپنے خزاں رسیدہ چمن کو اس وادی کی طرح سر سبز و شاداب بنانے کی آرزو پیدا ہو جائے تو میں سمجھوں گا کہ مجھے اپنی محنت کا پھل مل گیا۔”

"ہر قوم کی تعمیرِ نو میں اس کی تاریخ ایک اہم حصّہ لیتی ہے۔ تاریخ ایک آئینہ ہے جس کو سامنے رکھ کر قومیں اپنے ماضی و حال کا موازنہ کرتی ہیں اور یہی ماضی اور حال کا موازنہ ان کے مستقبل کا راستہ تیار کرتا رہتا ہے۔ ماضی کی یاد مستقبل کی امنگوں میں تبدیل ہو کر ایک قوم کے لیے ترقی کا زینہ بن سکتی ہے اور ماضی کے روشن زمانے پر بے علمی کے نقاب ڈالنے والی قوم کے لیے مستقبل کے راستے بھی تاریک ہو جاتے ہیں۔

مسلمانوں کا ماضی اکثر قوموں کی تاریخ سے زیادہ روشن ہے۔ اگر ہمارے نوجوان غفلت اور جہالت کے پردے اٹھا کر اس روشن زمانے کی معمولی سی جھلک بھی دیکھ سکیں تو مستقبل کے لیے انہیں ایک ایسی شاہراہِ عمل نظر آئے گی جو کہکشاں سے زیادہ درخشاں ہے۔”

2 مارچ 1996ء کو اس مشہور ناول نگار کا انتقال ہوگیا تھا۔ نسیم حجازی اسلام آباد میں‌ آسودۂ خاک ہیں۔

محمد شریف ان کا اصل نام تھا، جب کہ اردو ادب میں انھیں ان کے قلمی نام نسیم حجازی سے شہرت ملی۔ 19 مئی 1914ء کو سوجان پور، مشرقی پنجاب میں چودھری محمد ابراہیم کے گھر پیدا ہونے والے اس ناول نگار کو ان کے عربی کے استاد غلام مصطفیٰ نے ’نسیم حجازی‘ کا قلمی نام دیا تھا۔ ابتدائی تعلیم گاؤں سے کچھ فاصلے پر واقع ایک اسکول سے حاصل کی اور مشن ہائی اسکول دھاریوال ضلع گورداس پور بھیج دیے گئے۔ 1932ء میں میٹرک کا امتحان اور 1938ء میں اسلامیہ کالج لاہور سے بی اے کرنے کے بعد قلم تھاما۔ ان کا پہلا افسانہ ’شودر‘ ماہنامہ حکایتُ الاسلام میں شائع ہوا۔ اس کے بعد ’جستجو‘ اور پھر ’انسان اور دیوتا‘ کے نام سے افسانہ سامنے آیا۔ ان کہانیوں نے نسیم حجازی کو ادبی دنیا میں‌ متعارف کروایا۔ وہ تحریکِ پاکستان کی تائید میں پُر زور مقالے بھی لکھتے رہے۔ تاہم ان کی وجہِ شہرت سوانحی ناول اور اسلامی تاریخ پر مبنی کہانیاں ہیں۔

نسیم حجازی نے زندگی کے کئی تلخ ادوار اور نشیب و فراز کا سامنا کیا تھا۔ ان کی عملی زندگی کا آغاز بحیثیت صحافی ہوا اور وہ روزنامہ ’’حیات‘‘ کراچی سے وابستہ ہوئے۔1934ء سے 1948ء تک کوئٹہ کے ایک ہفت روزہ ’تنظیم‘ سے منسلک رہے۔ اس عرصے میں‌ ان کی تحریریں بھی شایع ہوتی رہیں۔ ان میں‌ کہانیاں اور مضامین شامل تھے۔ خاص طور پر وہ روزنامہ ’’کوہستان سے منسلک ہو کر اس کے بیشتر صفحات جو تاریخِ اسلام دینی امور، اسلامی مضامین، اور مسلم دنیا سے متعلق تھے، ان کو پُرمغز اور نہایت شان دار تحریروں سے سجایا۔ یہ اخبار اسلامی تحریکوں اور احیائے اسلام کی کوششوں کا حامی تھا جس سے منسلک ہو کر نسیم حجازی نے پاکستان اور اسلام کی بالادستی کے لیے کام کیا۔

نسیم حجازی نے جب تاریخی اور اسلامی ناول نگاری کا آغاز کیا تو کئی شاہ کار کہانیاں سامنے آئیں اور وہ ہر خاص و عام میں‌ مقبول ہوئیں۔ ان کے برطانوی راج، تقسیمِ ہند اور تحریکِ پاکستان کے پس منظر میں لکھے جانے والے ناول ’خاک اور خون‘ کے بعد ’یوسف بن تاشفین‘، ’آخری چٹان‘، ’آخری معرکہ‘، ’اندھیری رات کے مسافر‘، ’کلیسا اور آگ‘، ’معظم علی‘، ’اور تلوار ٹوٹ گئی‘،’قافلۂ حجاز‘،’قیصر و کسریٰ‘اور’شاہین‘ جیسے شاہ کار ناولوں نے مقبولیت کا ریکارڈ بنایا۔ ’’پاکستان سے دیارِ حرم تک‘‘ ایک سفر نامہ اور پاک بھارت جنگ 1965ء کے پس منظر میں ڈراما ’’پورس کے ہاتھی‘‘ بھی ان کے تحریر کردہ تھے جنھیں بہت پسند کیا گیا۔

انھوں نے ناول نگاری میں ایک شان دار باب کا آغاز کرتے ہوئے خود کو ایک مؤرخ کے طور پر بھی پیش کیا۔ وہ فنِ تحریر اور ناول کی تکنیک سے بخوبی واقف تھے اور اپنے ہم عصروں میں الگ ہی راہ نکالی۔ نسیم حجازی نے بامقصد کہانیاں تخلیق کیں۔ انھوں نے عالمِ اسلام کے خلاف منگولوں کی تباہ کن یلغار، خلافت اور اسلامی دنیا کو لاحق خطرات، مسلم اسپین کا نوحہ سبھی کچھ نہایت خوبی سے بیان کیا۔ نسیم حجازی کو 1992ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا تھا۔

ان کے متعدد ناولوں کی ڈرامائی تشکیل پی ٹی وی پر بھی نشر کی جاچکی ہے۔

’یورپ کو فوری طور پر دوبارہ مسلح ہونا ہو گا‘

0

یورپی یونین کی سربراہ وان ڈیر لیین کا کہنا ہے کہ یورپ کو ‘فوری طور پر دوبارہ مسلح’ ہونا ہو گا۔

لندن میں یوکرین بحران پر یورپی سربراہی اجلاس کے بعد ارسولا وان ڈیر لیین نے خبردار کیا ہے کہ "ہمیں فوری طور پر یورپ کو دوبارہ مسلح کرنا ہوگا۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یورپ کو بھی امریکا کو دکھانے کی ضرورت ہے کہ وہ جمہوریت کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

وان ڈیر لیین نے کہا کہ ایک طویل عرصے تک کم سرمایہ کاری کے بعد اب ایک طویل مدت کے لیے دفاعی سرمایہ کاری کو بڑھانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

"اب رکن ریاستوں کو دفاعی اخراجات میں اضافے کے لیے مزید مالی جگہ کی ضرورت ہے”

ٹرمپ اور زیلنسکی کے ٹاکرے کے بعد برطانیہ نے یوکرین کو 2.8 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کی موجود گی میں قرض معاہدے پر دستخط ہوئے، یوکرین کی جانب سے قرض کی ادائیگی منجمد روسی اثاثوں سے حاصل منافع سے ہوگی۔

یوکرینی صدر نے ملاقات کے بعد کہا کہ قرض یوکرین میں ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا، برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات میں زیلنسکی کا کہنا تھا کہ یوکرینی خوش ہیں کہ ہمارے پاس ایسے اسٹریٹجک شراکت دار موجود ہیں۔

قبل ازیں ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پہنچنے پر وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے گلے لگا کر زیلنسکی کا استقبال کیا، کیئر اسٹارمر نے یوکرین کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ برطانیہ ہر مشکل گھڑی میں یوکرین کا ساتھ دے گا۔