ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

گال ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان نے دورہ سری لنکا کا فاتحہ آغاز کیا ہے اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے گال میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو زیر کر لیا اور پہلے سیشن میں میزبان ٹیم کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ہے۔

آج پانچویں روز قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو پاکستان کو جیت کے لیے صرف 83 رنز درکار تھے۔ اوپنر امام الحق 25 رنز اور کپتان بابر اعظم 6 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ جیت کا عزم لیے کریز پر آئے تاہم بابر اعظم جلد ہی 24 رنز بنا کر جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

- Advertisement -

پہلی اننگ کے مرد بحران سعود شکیل نے چارج سنبھالا اور تیز رفتاری سے کھیلتے ہوئے 38 گیندوں پر 30 رنز کی باری کھیلی، ان کی وکٹ مینڈس نے حاصل کی۔ سابق کپتان سرفراز احمد صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے انہیں جے سوریا نے مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے اپنی چوتھی وکٹ بنایا۔ دوسری جانب امام الحق کریز پر ڈٹے رہے اور نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ اوپنر نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 50 رنز بنائے یہ ان کی ٹیسٹ میچوں میں ویں نصف سنچری ہے۔ آغا سلمان 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

گزشتہ روز سری لنکا کی بیٹنگ دوسری اننگ میں ناکام رہی اور صرف 279 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی یوں پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا معمولی ہدف ملا تھا تاہم چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے سے قبل سری لنکا نے تین وکٹیں حاصل کر لی تھیں۔

مذکورہ ٹیسٹ میں سری لنکا نے پہلی اننگ میں دھننجایا ڈی سلوا کی سنچری (122) اور انجلیو میتھیوز کی نصف سنچری (64) سے تقویت پاتے ہوئے 312 رنز بنائے تھے۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان کی اننگ کا آغاز مایوس کن رہا اور کپتان بابر اعظم سمیت آدھی ٹیم 101 رنز پر ہی میدان بدر ہوچکی تھی تاہم اس موقع پر سعود شکیل اور آغا سلمان نے مرد بحران کا کردار ادا کیا۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان 171 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ آغا سلمان 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سعود شکیل نے اپنا سفر جاری رکھا اور کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری بنانے کے ساتھ وہ سری لنکن سرزمین پر ڈبل سنچری بنانے والے پہلے  پاکستانی بلے باز بن گئے۔ انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 208 رنز بنائے۔

پاکستان نے پہلی اننگ میں 461 رنز جوڑ کر 143 رنز کی قیمتی برتری حاصل کرلی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 جب کہ پرباتھ جے سوریا نے تین وکٹیں اڑائیں۔

میچ میں سعود شکیل ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 238 رنز بنائے جب کہ سری لنکا کے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی بدولت 204 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے میچ میں ابرار احمد نے 6، شاہین شاہ نے 5 جب کہ آغا سلمان اور نعمان علی نے 3 تین وکٹیں حاصل کیں دوسری جانب سری لنکا کی طرف سے پرباتھ جے سوریا اور مینڈس نے 6 چھ وکٹیں حاصل کرکے کامیاب بولرز رہے۔

میچ کے ٹاپ بولر سری لنکا کے پرباتھ جے سوریا رہے جنہوں نے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے ابرار احمد اور سری لنکن مینڈس نے چھ 6، شاہین شاہ نے 5 جب کہ آغا سلمان اور نعمان علی نے 3 تین وکٹیں حاصل کیں۔

گال ٹیسٹ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے سائیکل کا حصہ ہے اور پاکستان نے اس میں فتح حاصل کرکے قیمتی 12 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں