کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے کے فرانس اور یورپی ممالک میں فلائٹس آپریشن کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے، آپریشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے فرانس میں کارگو ہینڈلنگ سروسز کے لیے جاری ٹینڈر کے بعد یورپی ممالک میں پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے فرانس اور یورپ کے دیگر ملکوں کے لیے فلائٹ آپریشن کے انتظامات شروع کردیے ہیں۔
پی آئی اے نے فرانس میں کارگو ہینڈ لنگ سروسز کے لئے ٹینڈر جاری کردیا ہے جس میں کارگو ہینڈلنگ سروسز دینے والی کمپنیوں کو 24 اگست تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے فرانس سمیت یورپ کے ملکوں میں فضائی آپریشن شروع کرنے سے قبل تمام تیاریاں تیز کردی ہیں۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ درخواستیں پی آئی اے کے فرانس میں کنٹری منیجر کو جمع کرائی جاسکتی ہیں، تین سال کے بعد پی آئی اے کو یورپی ملکوں کے لئے فلائٹ آپریشن بحال ہونے کی قوی امید ہے۔