اشتہار

پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈا میں کیوں روکا گیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کی پرواز آج ٹورنٹو ایئرپورٹ پر روک لی گئی تھی، ادائیگی ہونے کے بعد پرواز نے اڑان بھری۔

تفصیلات کے مطابق ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے نے گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی سوئسپورٹ کو لاکھوں ڈالر کے واجبات ادا نہیں کیے تھے، جس پر کمپنی نے پی آئی اے پرواز کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس بند کر دی تھی۔

ایئر لائن ذرائع کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کی شکایت پر ٹورنٹو سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 790 کو روکا گیا تھا، اور پرواز کی روانگی میں کئی گھنٹے تاخیر ہوئی، مسافروں کی بورڈنگ کا عمل بھی رک گیا تھا۔

- Advertisement -

ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنٹو ایئر پورٹ پر ہینڈلنگ ایجنسی کے ساتھ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پرواز کی لاہور روانگی میں تاخیر ہوئی تھی، پاکستان اور کینیڈا میں نظام الاوقات کے فرق کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہو گئی، جس کی وجہ سے پرواز اپنے مقررہ وقت سے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ترجمان نے کہا گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کے واجبات 2 لاکھ ڈالر ادا کر دیے گئے ہیں واجبات کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی پرواز ریلیز کی گئی، اور اب پی آئی اے کا کینڈا کے لیے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سے ٹورنٹو کے لیے دو طرفہ چار پروازیں ہفتہ وار روانہ ہوتی ہیں۔

ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ ایسی خبروں کو نشر اور شائع کرنے سے پہلے ادارے سے رجوع کر لینا چاہیے، تاکہ حقیقی صورت حال سے آگاہی ہو سکے، ایسی خبریں قومی ادارے کی ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچاتی ہیں اور مسافروں کا اعتماد بھی متزلزل کرتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں