ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پوجا بھٹ اذان سے متعلق دیے گئے سونو نگم کے بیان کے خلاف میدان میں آگئیں اور اذان کے حق میں بیان دے ڈالا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوجا بھٹ نے کہا کہ ’’میں باندرا کی فضاء میں روز اذان کی آواز اور گرجا گھر کی گھنٹی پر اٹھتی ہوں اور اگر بتی جلا کر بھارت کے جذبے کو سلیوٹ کرتی ہوں‘‘۔
I wake each morning to the sound of church bells & the Azaan in a quiet by-lane of Bandra.I light an aggarbatti & salute the spirit of India
— Pooja Bhatt (@PoojaB1972) April 18, 2017
واضح رہے کہ سونو نگم نے اذان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں مسلمان نہیں ہوں مگر پھر بھی فجر کی اذان سننی پڑتی ہے اور اُس کی وجہ سے اٹھنا بھی پڑتا ہے
بھارتی سنگر سونو نگم کے اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹ پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک نیا ہنگامہ کھڑا ہوگیا تھا اور اُن کے مداحوں نے گلوکار کو اس بیان پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
پڑھیں: ’’ مسلمان نہیں پھر بھی اذان کی وجہ سے صبح اٹھنا پڑتا ہے، سونو نگم ‘‘
بھارت سے ہی تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے سونو نگم کو لکھا کہ ’’آپ نے مودی کو خوش کرنے کے لیے یہ بیان دیا، آپ کو اُس وقت ظلم نظر نہیں آیا جب مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے تھے‘‘۔
یاد رہے ماضی میں پریانکا چوپڑا اپنی پریس کانفرنس میں کہہ چکی ہیں کہ انہیں اذان کی آواز سُن کر سکون ملتا ہے، یہ بات انہوں نے اپنی فلم کی پرموشن کے دوران پریس کانفرنس میں کی تھی جبکہ دبنگ خان نے بھی ایک پروگرام میں اذان کی آواز سُن کر عوام کو خاموش ہونے کا اشارہ دیا اور اذان ختم ہونے پر اپنی بات شروع کی تھی۔