اسلام آباد: انسداد کورونامہم کے لیے خصوصی عملے کی تیاری کا آغاز ہوگیا، اس مہم کیلئے عملے کی ٹریننگ ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس(ای پی آئی) اور نادرا کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ ای پی آئی اور نادرا کےم اہرین کی کوروناویکسی نیشن کی ٹریننگ جاری ہے، عملے کی کوروناویکسی نیشن اور ریکارڈمینجمنٹ سسٹم کی ٹریننگ ہوگی، انسدادکورونا مہم کیلئے ملک بھر میں عملے کی ٹریننگ مرحلہ وار ہوگی، ٹرینڈ عملہ پہلے فیز میں ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسی نیشن کرے گا۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں عملے کے ٹریننگ سیشنز 15 جنوری تک منعقد ہوں گے، پہلے فیز میں کوروناویکسی نیشن کے ماسٹرز ٹرینرز تیار کیے جا رہے ہیں، صوبائی ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ 11جنوری تک مکمل ہوگی۔
ذرایع کے مطابق کے پی، آزادکشمیر اور جی بی کے ماسٹر ٹرینرز کی ٹریننگ اسلام آباد میں جاری ہے جبکہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے ماسٹرٹرینرز کی ٹریننگ صوبائی ای پی آئی میں ہوری ہے، ماسٹرٹرینرز صوبوں میں ضلعی اور تحصیل سطح عملے کی ٹریننگ کریں گے۔
اس حوالے سے ذرایع نے مزید کہا ہے کہ ضلعی اور تحصیل سطح کے عملے کی ٹریننگ11 سے 15 جنوری تک ہوگی، توسیع پروگرام حفاظتی ٹیکہ جات انسداد کورونا ویکسی نیشن مہم چلائے گا، ای پی آئی پہلے ویکسی نیشن فیز میں محکمہ صحت کی معاونت کرے گا۔