لندن : بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ، پریانکا کو دنیا کی 100 با اثرخواتین میں شامل کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی جریدے فوربز کی جانب سے دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کی گئی ، جس میں بالی ووڈ کے بعد ہالی ووڈ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا نام بھی شامل کیا گیا ، پریانکا کا نام 97 ویں نمبر پر ہے۔
بااثر خواتین کی فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر برطانوی وزیراعظم تھریسامے اور تیسرے نمبر پر دنیا کی امیر ترین شخصیت بل گیٹس کی اہلیہ میلندا گیٹس ہیں۔
اس سے قبل برطانوی جریدے فوربز میں بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا نام زیادہ کمانے والے اداکاروں کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر آیا تھا۔
مزید پڑھیں : پریانکا چوپڑا زیادہ کمانے والے اداکاروں کی فہرست میں شامل
خیال رہے کہ اس وقت پریانکا اپنے ہالی وڈ کے پروجیکٹس کی عکس بندی کے لیے نیو یارک میں مصروف ہیں، جن میں ‘کوائنٹکو سیریز 3’، ‘آ کڈ لائک جیک’ وغیرہ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پریانکا نے گزشتہ برس ہالی ووڈ فلم ہاؤس آف کارڈ میں رابن ورتھ کے ساتھ مرکزی کردار عمدہ طریقے سے نبھایا تھا، جسے مداحوں نے بہت پسند کیا اور فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا یونیسیف کی خیر سگالی سفیر ہیں وہ دنیا بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام سرگرم ہیں اور چند روز قبل شام سے اردن ہجرت کرنے والے مہاجرین کے کیمپس میں متاثرہ بچوں سے ملاقاتیں بھی کیں تھیں۔