ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

خواب و خیال سے حقیقی عروج کی جانب سعد بیگ کا کرکٹ سفر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کی پاکستان کرکٹ میں تاریخی اہمیت سے ناواقف ہونا حیرت کی بات سے کم نہیں ہوگی۔ روشنیوں کے شہر نے کرکٹ کو وہ تابناک ستارے دیئے ہیں کہ ان کی چمک آج بھی قائم ہے۔ کرکٹ کے ہر شعبہ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے اپنا آپ منوایا ہے لیکن ایک شعبہ کہ جس میں مایہ ناز کھلاڑی دینے میں شہر کراچی آج بھی دیگر کرکٹ اسٹیشنز سے آگے ہے، وہ ہے وکٹ کیپنگ یا یوں کہہ لیں کیپر بیٹر کا شعبہ۔ پاکستان کے لئے اس شعبہ میں اپنی خدمات دینے والے وسیم باری، سلیم یوسف، تسلیم عارف، انیل دلپت، جاوید قدیر، عتیق الزماں، سرفراز احمد اور پاکستان کے کامیاب ترین وکٹ کیپرز معین خان اور راشد لطیف کا تعلق بھی اسی شہر سے ہے۔ اسی شہر سے تعلق رکھنے والے پاکستان کرکٹ کے ابھرتے ستارے اور پاکستان انڈر 19 کے کپتان سعد بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے کراچی کنگز کے دستہ میں شامل ہیں۔

انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے لئے جاری کیمپ کے دوران کراچی کنگز ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے سے بات کرتے ہوئے سعد بیگ نے بتایا کہ ان کو کرکٹ کھیلنے کا شوق ان کے والد کو دیکھ کر ہوا، "میرے والد کا میری کرکٹ کے آغاز میں بہت بڑا ہاتھ ہے، وہ خود بھی کرکٹ کھیلا کرتے تھے اور میں ان کے میچز دیکھنے جایا کرتا تھا اور یوں مجھے بھی کرکٹ کھیلنے کا شوق پیدا ہوا۔ والد نے اس شوق کو دیکھتے ہوئے میرا داخلہ کسٹم کرکٹ اکیڈمی میں کروا دیا اور یوں ایک سفر کا آغاز ہوا جو آج بھی جاری ہے۔”

- Advertisement -

وکٹ کیپر کا کردار اختیار کرنے کے حوالہ سے بھی سعد بیگ کے پہلے رول ماڈل ان کے والد ہی ہیں جو کہ کود بھی بطور وکٹ کیپر کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ کرکٹ شوق کے اوائل میں والد کے علاوہ سعد بیگ جس کھلاڑی سے متاثر ہیں پاکستان کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے لئے 9 میچز کھیلنے والے شاہد خان آفریدی ہیں، "جب چھوٹا تھا تو شاہد آفریدی کا بڑا فین تھا اور ابھی بابر اعظم کی بلے بازی سے بہت متاثر ہوں۔” سعد بیگ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے سابق ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز راشد لطیف سے بھی بہت متاثر ہیں اور جب بھی ان کی ملاقات راشد لطیف سے ملاقات ہوئی نہ صرف ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا بلکہ انہوں نے اس نوجوان کھلاڑی کی بہت حوصلہ افزائی بھی کی۔

2023 سعد بیگ کے لئے ایک اہم سال رہا، سعد بیگ کی بطور کیپر بیڑر پرفارمنس جاندار رہی اور ان کی قیادت میں پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، "پاکستان کے لئے کسی بھی لیول پر کھیلنا اور بطور کپتان پاکستان کے لئے کسی بھی لیول پر اپنی خدمات دینا ایک بہت بڑے فخر کی بات ہوتی ہے۔ یہ سال بہت اہم رہا جس نے میری اپنی کریئر گروتھ میں ایک اہم کردار ادا کیا اور اس کے ساتھ ساتھ بڑے ایونٹس میں پاکستان کی قیادت کرنے کا موقع بھی ملا۔ اور پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے لئے منتخب ہو جانا اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ یہ سب شائد ویسے ہی ہے کہ جیسے چند سال پہلے صرف میرے خواب و خیال میں ہی تھا کہ ایسے ہوگا اور میں اس سطح کی کرکٹ کھیلوں گا۔”

سعد بیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئرز ڈرافٹ 2024 کی سپلیمینٹری کیٹیگری میں کراچی کنگز کا حصہ بنے۔ ڈرافٹ کے دوران سعد بیگ انڈر 19 ایشیا کپ کے سلسلہ میں متحدہ عرب امارات میں موجود تھے اور ڈرافٹ نہیں دیکھ سکے، "ہم لوگ اس دن دبئی میں تھے اور کسی نیٹ ورک کے مسئلہ کی وجہ سے ڈرافٹ نہیں دیکھ سکے۔ میں نے اس روز سوچا تھا کہ اگر منتخب ہوا تو اپنا 100 فیصد ٹیم کو دوں گا لیکن ساتھ ہی میں نے کوئی لمبی چوڑی امید اس لئے نہیں لگائی تھی کہ پک نہ ہونے کی صورت میں نا امیدی نہ ہو۔”

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی رقابت اور کانٹے دار مقابلے ہمیشہ ہی یادگار رہتے ہیں اور ایسا ہی ایک مقابلہ سعد بیگ کا نہ صرف پسندیدہ کراچی کنگز مومنٹ ہے بلکہ ان کے نزدیک ان کا پسندیدہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میچ بھی وہی ہے، "میں اس وقت چھوٹا تھا لیکن 2017 کے پی ایس ایل کا وہ میچ مجھے آج بھی یاد ہے کہ جس میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف 2 گیندوں پر 10 رنز درکار تھے اور کیرون پولارڈ نے ایک یادگار فتح دلوائی تھی۔”

کراچی کنگز میں اس بار پولارڈ کی موجودگی کو لے کر بھی سعد بیگ کافی پر جوش ہیں اور نوجوان کھلاڑی پر امید ہیں کہ اس ڈریسنگ روم تجربہ سے بہت سیکھنے کا موقع ملے گا، "کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود سے ایک بار ملاقات ہوئی اور وہ رواں سیزن میں ایک میچ کے دوران ہی ہوئی جس میں وہ ہمارے مخالف کھیل رہے تھے۔ ٹیسٹ کپتان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کے حوالے سے کافی پر امید ہوں کے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ میں شعیب ملک سے بہت کچھ سیکھنا چاہوں گا خاص کر ان سے skill  اور work ethic کے حوالہ سے جاننا چاہوں گا کیوں کہ ان کا ورک ایتھک مجھے بہت انسپائر کرتا ہے۔”

کراچی کے اپنے سعد بیگ کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے کے لئے پرجوش ہیں اور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پہلی بار موقع ملنے پر کراچی کنگز کی انتظامیہ کے مشکور ہیں، "کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال، سی ای او طارق وصی اور ڈائریکٹر کرکٹ حیدر اظہر کا بہت شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور مجھے اپنے شہر کی ایچ بی ایل پی ایس ایل فرینچائز کا حصہ بننے کا موقع  دیا جب بھی کھیلنے کا موقع ملا کراچی کنگز کی ٹیم کو اپنا 100 فیصد دوں گا۔”

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں