لاہور: پی ایس ایل سیزن فور کی اختتامی تقریب میں معروف گلوکارہ نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ اختتام کی جانب گامزن ہے اور پی ایس ایل سیزن فور کی اختتامی تقریب 17 مارچ کو فائنل سے قبل ہوگی جس میں معروف گلوکارہ نازیہ حسن کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن کے درمیان جاری تنازعہ حل ہوگیا اور دونوں فریقین کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے نازیہ حسن کا گانا ’ڈسکو دیوانے‘ بغیر اجازت کے گایا تھا جس پر نازیہ حسن کے بھائی نے پی سی بی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔
زوہیب حسن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں حیران ہوں کہ ایک معتبر کرکٹ ایونٹ پی ایس ایل 4 میں مجھ سے پوچھے بغیر ’ڈسکو دیوانے‘ گانے کو پیش کردیا۔
یاد رہے کہ ڈسکو دیوانے وہ مشہور گانا ہے جسے دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی ملی تھی اور متعدد اداکار اس گانے پر پرفارم کرچکے ہیں، کرن جوہر کی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر میں بھی اس گانے کو پیش کیا جاچکا ہے جس میں عالیہ بھٹ، ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا نے پرفارم کیا تھا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل سیزن فور کا فائنل 17 مارچ بروز اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا۔