ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا آج پہلا سپر سنڈے ہے جس میں شائقین کرکٹ کو دو میچز دیکھنے کو ملیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9 کے کرکٹ میلے کا آج پہلا سپر سنڈے ہے جو شائقین کرکٹ کے لیے بن رہا ہے فن ڈے۔ آج دو میچز کھیلے جائیں گے، یعنی ہوگی چوکوں اور چھکوں کی برسات جب کہ اڑیں گی وکٹیں۔
لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیئٹر مدمقابل آئیں گے تو ملتان میں دوسرے میچ میں شائقین کی پسندیدہ اور مقبول ترین فرنچائز کراچی کنگز اور ملتان سلطانز ٹکرائیں گے۔
پہلا میچ دوپہر دو بجے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں بابر آعظم کی پشاور زلمی نئی قیادت کے ساتھ اترنے والی کوئٹہ گلیڈیئٹر کے مدمقابل آئے گی۔
باہمی مقابلوں میں اب تک زلمی کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 22 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں 12 بار زلمی نے میدان مارا تو گلیڈیئٹرز 9 بار فاتح رہے۔
دوسرا میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا جس میں کراچی کے شیر، سلطانز کیخلاف پنجہ آزمائی کریں گے۔ کنگز کے کپتان شان مسعود کہتے ہیں اس سیزن اپنی الگ پہچان بنائیں گے جب کہ ملتان کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جیت کے لیے ٹاپ فور کا پُرفارم کرنا انتہائی ضروری ہے۔