اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سنگجانی میں جلسہ روٹ کی خلاف ورزی کر کے آنے والے شرکا نے پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے 26 نمبر چونگی کو میدان جنگ بنا دیا اور روٹ کی خلاف ورزی کر کے آنے والوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
کارکنوں کو منتشر کرنے کیلیے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے بعد ہر طرف آنسو گیس کا دھواں پھیل گیا۔ موقع پر پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا نوٹس
پی ٹی آئی جلسے کے شرکا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔
محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کے بہترین علاج کی ہدایت کی اور خود زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے خیریت دریافت کی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولت فراہم کی جائے۔
قبل ازیں، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا کہ پی ٹی آئی انتظامیہ جلسے کیلیے دیے گئے این او سی پر عملدرآمد کرے، فوری طور پر جلسہ گاہ خالی کر دیا جائے۔
نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے نیا آرڈر جاری کر دیا کہ خلاف ورزی پر پولیس اور انتظامیہ کارروائی کرنے جا رہی ہے، بار بار یادہانی کروائی گئی کہ جلسے کا وقت شام 7 بجے تک ہے۔