جمعہ, نومبر 8, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی کے اسلام آباد جلسے کا مقام تبدیل کر دیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 8 ستمبر کو ہونے والے جلسے کا مقام اچانک تبدیل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز نے نئی جگہ کا این او سی جاری کر دیا جس کے مطابق نئی جگہ بھی سنگجانی میں پرانی جگہ کے بالکل سامنے ہے۔

معاملے کا علم ہونے پر پی ٹی آئی رہنما عامر مغل سینئر لیڈرشپ کے ہمراہ رات گئے نئی جگہ پر پہنچ گئے۔

- Advertisement -

اس موقع پر عامر مغل کا کہنا تھا کہ کوئی فرق نہیں پڑتا جلسہ ہر حال میں 8 ستمبر کو ہوگا اور یہیں سنگجانی میں ہوگا، دنیا کی کوئی بھی طاقت 8 ستمبر کے جلسے کو روک نہیں سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی حرکتیں ثابت کرتی ہیں حکومت پی ٹی آئی کی عوامی طاقت سے خوفزدہ ہے، پی ٹی آئی نے نئی جگہ پر کام شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز مشروط اجازت دی تھی۔ جلسے کیلیے جاری این او سی میں بتایا گیا تھا کہ جلسے کے دوران کاروبار یا سٹرک بلاک نہیں ہوگی جبکہ جلسہ شام 4 بجے شروع ہو کر 7 بجے ختم ہوگا۔

این او سی کے مطابق منتظمین اندرونی سکیورٹی کے خود انتظامات کریں گے اور ذمہ دار ہوں گے، شرکا جلسے کے علاوہ کسی اور جگہ نہیں جائیں گے، شرائط کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا تھا کہ دوران جلسہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، جلسے کی اجازت ہوگی کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اجازت صرف 8 ستمبر کیلیے ہے لہٰذا منتظمین اسی رات کارکنان کی واپسی یقینی بنائیں گے۔

مزید کہا گیا تھا کہ ریاست مخالف یا مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر یا نعروں کی اجازت نہ ہوگی۔

آج ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پی ٹی آئی جلسے کیلیے سنگجانی میں جگہ دی ہے، ایسا روٹ دیا گیا ہے جس سے عام آدمی متاثر نہ ہو۔

عرفان نواز نے بتایا تھا کہ خیبر پختونخوا کے قافلے موٹروے ایم 1 استعمال کریں گے جبکہ پنجاب سے آنے والے قافلے موٹروے ایم 2 استعمال کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے آنے والے جی ٹی روڈ استعمال کریں گے جبکہ مقامی افراد نیو مارگلہ ایونیو سے جا سکیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں