سوات : تحریک انصاف آج سوات میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،عمران خان جلسے دھواں دھار خطاب کریں گے.
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج سوات میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے،جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،ہر طرف پی ٹی آئی کے پرچموں کی بہار اور جگہ جگہ بینرز اور پوسٹرز آویزاں کردئیے گئے ہیں.
پنڈال میں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں اور اسٹیج بھی سج گیاہے،جلسے میں موسیقی کے سر بکھیرنے کیلئے درجنوں اسپیکرز بھی لگا دیے گئے ہیں.
پی ٹی آئی کے پرجوش کارکنان کے مطابق سوات کی عوام آج ثابت کردے گی ان کا جلسہ وزیراعظم کے جلسے سے زیادہ بڑا ہوگا.
یاد رہے اس سے قبل جمعے کے روز عمران خان نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ پاکستان میں اقلیتوں اور اکثریت کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے تاکہ سب کو یکساں انصاف فراہم کیا جائے.
واضح رہے کہ فیصل آباد جلسے کے آخر میں چیئرمین تحریک انصاف نے 23 مئی کو لاہور میں ہونے والے کسانوں کے مظاہرے میں شرکت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف آپ کے حقوق کی جدوجہد میں آپ کے ساتھ کھڑی ہوگی.