ممبئی: پاکستان کے علاقے پشاور میں پیدا ہونے والے راج کپور کے مداح آج اُن کی 94ویں سالگرہ منارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 1935 میں بطور چائلڈ ایکٹر فلم نگری میں قدم رکھنے والے راج کپور کا اصل نام رنبیر راج تھا، آپ 14 دسمبر 1924 کو پرتھوی راج کپور کے گھر پیدا ہوئے۔
آپ کی پیدائش خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ہوئی، تقسیم برصغیر کے بعد آپ کے والد ممبئی تشریف لے گئے اور بقیہ زندگی پھر وہیں بسر کی۔
راج کپور نے صرف اداکاری ہی نہیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا بطور ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی منوایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آپ کے والد پرتھوی راج چونکہ خود بھی فلم ساز تھے تو آپ کے اندر بھی اداکاری کی صلاحیتیں بچن سے ہی موجود تھیں، صرف 6 سال کی عمر میں آپ نے اسٹیج پر پرفارم بھی کیا۔
مزید پڑھیں: معروف بھارتی اداکار راج کپورکی اہلیہ کرشنا راج کپور انتقال کرگئیں
ہندوستان منتقلی کے ایک سال بعد سن 1948 میں بطور ہدایت کار راج کپور نے فلم ’آگ‘ بنائی جس میں خود ہی ہیرو کا کردار ادا کیا، بعد ازاں آپ کی تیسری فلم ’آوارہ‘ کے نام سے ریلیز ہوئی جس کے بعد آپ نے شہریت کی بلندیوں کو چھوا۔
راج کپور نے بھارتی فلم انڈسٹری کو متعدد سپرہٹ فلمیں دیں جن میں ’آوارہ، برسات، شری 420، چوری چوری، جاگتے رہو‘ قابل ذکر ہیں۔ آپ کی دو فلمیں ’آوارہ‘ اور ’بوٹ پالش’ کو کنیز فلم فیسٹیول ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔
فلمی صنعت میں خدمات انجام دینے پر راج کپور کو 2 نیشنل فلم ایوارڈز، 9 فلم فیئر ایوارڈ دیے گئے، علاوہ ازیں آپ کو 1988 میں بھارت کا اعلیٰ ترین اعزاز ’دادا صاحب پھالکے‘ بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دادی کی آخری رسومات میں مسکراہٹ، کرینہ کپور کے خلاف نیا محاز کھل گیا
سماجی ناانصافی پر تنقیدی نقطہ نظر سے روشنی ڈالنے والے اداکار و ہدایت کار 2 جون 1988 کو بھارت کے دارالحکومت میں طویل علالت کے بعد دنیائے فانی سے کوچ کرگئے تھے۔
راج کپور کی آخری فلم ’حنا‘ تھی جو اُن کے انتقال کے بعد ریلیز ہوئی اس فلم کو بھی بہت پذیرائی ملی تھی۔