ممبئی: بھارتی میڈیا میں رشی کپور کی بیماری سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر اُن کی بیٹی نے خاموشی توڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے نامور اداکار رشی کپور ستمبر کے آخر میں خاموشی سے علاج کے لیے امریکا روانہ ہوئے اسی باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔
بھارتی میڈیا میں دو ماہ سے یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ رشی کپور کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور اُن کی بیماری اب آخری اسٹیج تک پہنچ گئی۔
قیاس آرائیوں یا مبینہ جھوٹی خبروں کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ اداکار نے اپنی بیماری سے متعلق مکمل طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی اور اہل خانہ کو بھی اس حوالے سے میڈیا کو کچھ بھی مطلع نہ کرنے کی تاکید کی۔
مزید پڑھیں: سونالی باندرے اور پریانکا کی رشی کپور سے ملاقات
گزشتہ ماہ 7 اکتوبر کو رشی کپور نے افواہوں کی تردید کرنے کے لیے اپنے ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’میں اس وقت نیویارک کے علاقے مینہٹھن میں اپنے پرانے دوست انوپم کھیر کے ساتھ سیر و تفریح کررہا ہوں‘۔
دوسری جانب رشی کپور کی صاحبزادی ردہما حال ہی میں بھارت سے امریکا پہنچیں جہاں انہوں نے ایک نجی ٹی وی شو میں والد کی بیماری سے متعلق خاموشی توڑی۔
ردہما کا کہنا تھا کہ ’والد کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور وہ روٹین کے چیک اپ کی وجہ سے امریکا میں موجود ہیں‘۔ انہوں نے مداحوں کو بھی یقین دلایا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں لیجنڈری اداکار بالکل صحت مند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت تعلقات، رشی کپور نے عمران خان کے موقف کی حمایت کردی
واضح رہے کہ راج کپور کی اہلیہ کرشنا راج کپور اداکار کی والدہ تھیں جو گزشتہ ماہ دنیائے فانی سے کوچ کرگئی تھی اُن کی آخری رسومات بھارت میں ہوئیں جن میں رشی کپور اور اہل خانہ امریکا میں موجودگی کے باعث شرکت نہیں کرسکے تھے۔
رشی کپور نے 29 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا جارہے ہیں۔