دبئی: متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی تارکین وطن کو ملازمت یا پناہ دینے پر حکومت کی جانب سے ایک لاکھ درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹٹی اینڈ سٹیزن شپ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کو ملازمت یا پناہ دینے پر حکومت کی جانب سے ایک لاکھ درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال ایمنسٹی اسکیم لانچ کی تھی جس میں غیرقانونی تارکین وطن کو اپنے کوائف مکمل کرکے قانونی حیثیت دینے کی مہلت دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: دبئی ایمنسٹی اسکیم: غیرقانونی مقیم 11 سو پاکستانیوں کا قونصل خانے سے رابطہ
ایمنسٹی اسکیم کے تحت غیرقانونی تارکین وطن کو چھ ماہ کا ویزہ دیا گیا تھا، اس ایمنسٹی اسکیم میں حکومت نے تمام غیرقانونی باشندوں پر عائد جرمانے بھی معاف کردئیے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اب ایمنسٹی اسکیم کے تحت دئیے گئے 6 ماہ کے ویزے کا ٹائم ختم ہونے والا ہے جس کے بعد ملک بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات حکومت نے اس ضمن میں اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی غیرقانونی تارکین وطن کو ملازمت یا پناہ دی گئی تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔