ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

روس نے گوگل پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا!

اشتہار

حیرت انگیز

روس کی عدالت نے یوکرین تنازع پر متنازع ویڈیو اور گمراہ کن معلومات اپنی سائٹ سے نہ ہٹانے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر 32 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی عدالت نے یوکرین تنازع پر متنازع ویڈیو اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر مبنی معلومات نہ ہٹانے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی پر تین ملین روبل یا 32 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یو ٹیوب ویڈیو سروس، جو گوگل کی ملکیت ہے وہ روس یوکرین تنازع کے بارے میں غلط معلومات کی ویڈیوز نہ ہٹانے کی قصور وار ہے اور روس اس تنازعے کو ایک خصوصی فوجی کارروائی قرار دیتا ہے ۔

- Advertisement -

روسی نیوز رپورٹس کے مطابق گوگل کو ایسی ویڈیوز نہ ہٹانے کا بھی قصوروار پایا گیا جن میں نو عمر بچوں کے لیے ممنوع ویب سائٹس میں داخلے کے طریقے بتائے گئے ہیں ۔ نیوز ایجنسیوں نے ان سائٹس کے بارے میں کچھ تفصیلات نہیں فراہم کیں۔

گوگل نے اس بارے میں کسی تبصرے سے انکار کر دیا، تاہم ماسکو کے پاس جرمانہ وصول کرنے کا کوئی ٹھوس طریقہ موجود نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل روس کی ایک عدالت نے ایسے ہی اقدامات اگست کے شروع میں ایپل اور وکی پیڈیا کے ادارے وکی میڈیا فاؤنڈیشن کے خلاف بھی اٹھائے گئے تھے۔

سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے پر روس میں کچھ نقادوں کو سخت سزائیں مل چکی ہیں ۔ حزب اختلاف کی شخصیت ولادیمر کارا مرزا کو اس سال یوکرین میں روسی کارروائیوں کے خلاف تقاریر کو غداری پر مبنی قرار دے کر 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں