ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

سعید غنی کا اسٹیٹ بینک پر فہمیدہ مرزا اور فیملی کی سہولت کاری کا الزام

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) رہنما فہمیدہ مرزا اور ان کی فیملی کی سہولت کاری کر رہا ہے۔

سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کے کاغذات مسترد ہوئے لیکن اسٹیٹ بینک ان کی سہولتکاری کر رہا ہے، کوئی بھی امیدوار کاغذات جمع کرواتا ہے تو آر او تفصیلات تمام اداروں کو بھیجتا ہے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ فہمیدہ مرزا نے کاغذات میں کہیں بھی لائبلٹی کا ذکر نہیں کیا اور حقائق چھپائے، اگر امیدوار کوئی چیز چھپاتا ہے تو کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے امیدوار کاغذات کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کروائیں گے۔

- Advertisement -

متعلقہ: چھٹی کے روز بینک نے لیٹر جاری کر کے فہمیدہ مرزا کو کلین چٹ دے دی

انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کو اسٹیٹ بینک ایک خط جاری کرتا ہے کہ قرضہ اسٹیٹ بینک کا نہیں کسی اور بینک کا ہے، جو بیان حلفی جمع کروایا اس میں 20 لاکھ کا ذکر ہے جبکہ حقیقت 22 کروڑ کی ہے، مرکزی بینک کا براہ راست اس سے کوئی تعلق نہیں پھر بھی مرزا فیملی کو بچانے آگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے فہمیدہ مرزا کو لکھا لیکن جواب اسٹیٹ بینک دے رہا ہے، اسٹیٹ بینک صفائی دے رہا ہے لائبلٹی، قرضہ اور اوور ڈیوز کمپنی پر ہیں مرزا فیملی پر نہیں، سوال پیدا ہوتا ہے کیا یہ کام اسٹیٹ بینک کا ہے؟

سعید غنی نے کہا کہ قوانین، الیکشن ایکٹ اور آئین کہتا ہے جس نے قرضہ معاف کروایا وہ الیکشن نہیں لڑ سکتا، گورنر اسٹیٹ بینک چھٹی کے دن مرزا فیملی کی سہولت کاری کیلیے خط لکھتے ہیں، اسٹیٹ بینک کا کردار افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کوشش کر رہا ہے بینک اور مرزا فیملی کے درمیان سیٹنگ کروا دے، اسٹیٹ بینک کا کردار پورے معاملے میں مشکوک ہے، کسی امیدوار کے کاغذات بحال کروانا اسٹیٹ بینک کا کام نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں