اتوار, مئی 18, 2025
اشتہار

جنید جمشید کی زندگی پر مبنی ڈاکومینٹری فلم ’آنسو‘

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے معروف ثناء خواں جنید جمشید کے ساتھی اور معروف گٹارسٹ سلمان احمد نے اپنے دوست کی پہلی برسی کے موقع پر ماضی کے یادگار لمحات پر مبنی ڈاکومینٹری فلم جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور بینڈ وائٹل سائن میں بحیثیت گلوکار اپنے  کرئیر کا آغاز کرنے والے جنید جمشید 7 دسمبر 2016 کو اُس بدقسمت طیارے میں سوار تھے جسے چترال سے واپس آتے ہوئے حویلیاں کے مقام پر حادثہ پیش آیا اور اُس میں موجود تمام ہی مسافر بشمول جنید جمشید جاں بحق ہوگئے تھے۔

جنید جمشید نے دورانِ طالب علمی میں میوزک سے لگاؤ ہونے کے بعد دوستوں کے ساتھ مل کر ایک بینڈ تشکیل دیا، جس نے 1983 میں پشاور اور پھر اسلام آباد یونیورسٹی میں اپنی فن کا مظاہرہ کیا،  بعد ازاں اس چھوٹے سے بینڈ وائٹل سائن نے دنیا بھر میں نام روشن کیا اور دل دل پاکستان جیسے مشہور قومی نغموں کو تخلیق کیا تاہم بعد میں انہوں نے میوزک کی دنیا کو خیرباد کہتے ہوئے توبہ کرلی تھی۔

وائٹل سائن کے گٹارسٹ سلمان احمد جنید جمشید کے اس قدر قریبی دوست تھے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے باوجود کئی بار اپنے مرحوم دوست سے گانے کی فرمائشیں پوری کروائیں۔

سلمان احمد نے دوست کی پہلی برسی کے موقع پر ثمینہ گوبل ویلنس ایشیٹیو کے ساتھ مل کر جنید جمشید کی زندگی کے خصوصی لمحات کو یکجا کر کے فیچر فلم تیار کی ہے۔

بدھ کے روز وائٹل سائن اور  جنون کے گٹارسٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’جنونیز اور وائٹل سائن کے مداحوں کی پرزور فرمائش پر ’آنسو‘ ریلیز کی جارہی ہے، جس میں جنید جمشید کے ساتھ گزارے ہوئے تمام ہی لمحات شامل ہیں‘۔

آج انہوں نے  فلم کی ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جنید جمشید اور سلمان احمد کے درمیان کتنی گہری دوستی تھی اور دونوں ایک دوسرے کے لیے کس قدر محبت کا جذبہ رکھتے تھے۔

یہ بھی دیکھیں: جنید جمشید کے صاحبزادے کا والد کو جذباتی کلام سے خراج تحسین

سلمان احمد نے ویڈیو کے پیچھے چلنے والی موسیقی بھلے شاہ کی نظم پڑی جو دوستی کی اہمیت کو بیان کرتی ہے، ویڈیو میں جنید جمشید کے کیرئیر سے لے کر جنازے تک کے تمام لمحات کو پیش کیا گیا ہے جنہیں دیکھ کر یقیناً آپ کی آنکھیں نم ہوجائیں گی۔

ویڈیو دیکھیں


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں