ابوظہبی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف فلم کی شوٹنگ کے لیے متحدہ عرب امارات گئے جہاں انہیں فوج کی سیکیورٹی فراہم کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دبنگ خان اور باربی ڈول علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ کے لیے ابوظہبی پہنچے جہاں ان کو متحدہ عرب امارات کے فوجی اہلکاروں کی سیکیورٹی فراہم کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور سلطان سلمان خان ابوظہبی میں فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
مزید پڑھیں: سلمان خان کی ایئرہوسٹس کے ساتھ تصویر وائرل
رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اومان سے ملحقہ سرحد پر شوٹنگ کے دوران کسی بھی ممکنہ خدشے کے پیش نظر دونوں اداکاروں سمیت فلم کی پوری ٹیم کو حکومت کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی گئی۔
ابوظہبی پہنچنے کے بعد باربی ڈول نے سلمان خان، سنیل گروور کے ہمراہ بنائی جانے والی اپنی سیلفی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی اور مداحوں کو بتایا کہ شیڈول کے مطابق ہم لوگ شوٹنگ کے لیے ابو ظہبی پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بھارت ‘ میں سلمان خان اورکترینہ کیف کے علاوہ کینیڈین اداکارہ نورا فتیحی، دیشا پٹانی، تبو اور سنیل گروور کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ممکنہ شادی، پریانکا کی جگہ کرینہ فلم ’بھارت‘ کا حصہ
قبل ازیں مرکزی کردار کے لیے پریانکا چوپڑا کو چنا گیا تھا مگر انہوں نے خود کو کاسٹ سے علیحدہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کرینہ کپور کے نام پر غور کیا گیا البتہ قرعہ کترینہ کے نام نکلا۔