جودھ پور: کالے ہرن کے شکار کیس میں عدالت نے سپر اسٹار سلمان خان کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی، سلمان خان نےشوٹنگ کیلئےاجازت کی درخواست دی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور کی سیشن عدالت میں سلمان خان کی بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے سلمان خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی۔
سلمان خان نے شوٹنگ کیلئے اجازت کی درخواست دی تھی، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ اداکار کوفلم کی شوٹنگ کے لئے 4 مختلف ممالک جانا ہے اس لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
خیال رہے کہ اس وقت سلمان خان کئی بڑی فلموں کا حصہ ہیں، جس میں ریس 3، دبنگ 3 اور بھارت شامل ہیں۔
یاد رہے کہ عدالت نے 20 سال بعد نایاب ہرن کیس میں بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی لیکن ضمانت منظور ہونے کے بعد انھیں جودھ پور جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : اداکار سلمان خان کی ضمانت منظور، جیل سے رہا کردیا گیا
عدالت نے سلمان خان کو بغیر اجازت ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔
واضح رہے 1998 میں سلمان خان سلمان خان کے خلاف نایاب کالےہرن کےشکاراوراسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے تھے جبکہ دیگر افراد اداکار سیف علی خان،اداکارہ تبو اور سونالی باندرے پربطورشریک ملزم مقدمات تھے۔
سلمان خان پر الزام تھا کہ انیس سو اٹھانوے کی فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کی شوٹنگ کے دوران جودھ پور میں نایاب کالے ہرن کا شکار کیا تھا ، شکار کے لئے استعمال ہونے والا اسلحہ بھی غیر قانونی تھا۔