منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کیا پاکستان میں روشنی دے پائے گی؟

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم ٹیوب لائٹ عید الفطر پر نمائش کیلئے پیش کی جائے گی، فلم کی خاص بات سلمان خان اور ان کے مدمقابل چائنیز اداکارہ ہیں، پاکستانی فلم پروڈیوسرز مذکورہ فلم کی پاکستان میں نمائش روکنے کیلئے کوشاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دبنگ خان کی فلم ٹیوب لائٹ رواں برس عید الفطر پر ریلیز ہورہی ہے، فلم کی کہانی بھارت اور چین کے درمیان ہونیوالی جنگ پر مبنی ہے، فلم میں ہیروئن کا کردار بھی ایک چائنیز اداکارہ ادا کر رہی ہیں۔

فلم کی ڈائریکشن کے فرائض کبیرخان نے انجام دئیے ہیں، ڈائریکٹر کبیر خان اس سے قبل سلمان خان کے ساتھ ایک تھا ٹائیگر، بجرنگی بھائی جان اور دیگر کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔ پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن اور لوکل فلم میکرز ہرممکن طور پر فلم ٹیوب لائٹ کی پاکستان میں ریلیز کو روکنے کے لئے کوشاں نظر آتے ہیں۔

اس کے علاوہ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے بھی ماضی میں کئی بار یہ مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی فلموں کی نمائش کو پہلی ترجیح دینی چاہیئے اور پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر مکمل طور پرپابندی عائد کردینی چاہیئے۔

واضح رہے کہ عید الفطر پر ہی پاکستانی اداکار شان کی فلم یلغار، اور پروڈیوسر سہیل خان کی فلم شور شرابہ ریلیز ہونے جارہی ہیں، قوی امکان ہے کہ مزید پاکستانی فلمیں بھی عید الفطر پر ریلیز ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں سلمان خان کی بجرنگی بھائی جان اور سلطان کی عید الفطر پر ریلیز سے سنیما مالکان کی تو چاندی ہوگئی تھی مگر اُس وقت جو پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں ان کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوسکا تھا۔

پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری اعجاز کامران کا کہنا ہے کہ اگر بالی ووڈ بلاک بسٹر فلم ٹیوب لائٹ عید الفطر پرریلیز کی گئی تو یہ اقدام سو فیصد لوکل سنیماؤں کے خلاف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے بھارتی فلموں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سلمان خان کی نئی فلم ٹیوب لائٹ پاکستان میں روشنیوں کی کرنیں بکھیر سکے گی؟


Chat Conversation End

اہم ترین

نعمان ناصر
نعمان ناصرhttps://arynews.tv/
صحافی و بلاگر، 8 سال سے اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں

مزید خبریں