ریاض : سعودی عرب نے گذشتہ چار ماہ کے دوران 39,000 پاکستانیوں کو ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر ملک بدر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 4ماہ میں سعودی عرب سے گزشتہ 4ماہ کے دوران اقامتی اور ویزے سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 39 ہزار پاکستانیوں کو بے دخل کیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق کئی پاکستانی داعش کی کاروائیوں میں ملوث بھی پائے گئے جبکہ منشیات فروشی، چوری، جعل سازی اور تشدد پر کئی پاکستانی گرفتار ہوئے۔
چیئرمین سکیورٹی کمیٹی برائے شوریٰ عبداللہ السدون نے پاکستانی شہریوں کی مکمل جانچ پڑتال کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب آنیوالے افراد کی جانچ پڑتال کیلئے پاکستانی حکام سے رابطہ کیا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان خود افغانستان کے ساتھ اپنی قربت کی وجہ سے دہشت گردی سے دوچار ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا تھا دہشت گردی کے شبے میں 82 پاکستانی سعودی جیلوں میں ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ داعش کی چند دہشت گرد کارروائیوں میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے پر سعودی عوام اور معاشرہ میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔