لبنان اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر راکٹ حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔ سعودی عرب نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاض سے سعودی وزارت خارجہ نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ سعودی شہری لبنان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ لبنان میں سعودی سفارتخانہ جنوبی علاقے کی پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل امریکا، برطانیہ اور سوئیڈن نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے، بیروت میں امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری کسی بھی دستیاب پرواز سے لبنان سے فوری نکلنے کی کوشش کریں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ خطے میں تناو بہت زیادہ ہے، صورت حال تیزی سے بگڑ سکتی ہے، شہریوں کو پیغام ہے کہ وہ لبنان سے فوراً نکل جائیں۔
سوئیڈن نے بیروت میں سفارت خانہ بند کر دیا ہے، سوئڈش وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ مشرقی وسطیٰ میں تنازع پھیل سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو جلد از جلد لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ کینیڈا، آسٹریلیا، بھارت اور فرانس نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔