21.7 C
Dublin
جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

سعودیہ عرب: انٹرسٹی بس سروس کے جدید ترین منصوبے کا افتتاح

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے تین بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ انٹرسٹی مسافر بس سروس کے سب سے بڑے جدید ترین منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس منفرد منصوبے کے تحت سالانہ 60 لاکھ افراد سفر کرسکیں گے۔ جس میں جدید ترین بسیں چلائی جائیں گی، منصوبے کے تحت 200 شہروں اور کمشنریوں کو 76 روٹس کے ذریعے جوڑا جائے گا۔

پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں سعودی وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات صالح الجاسر کا کہنا تھا کہ ولی عہد کی جانب سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کی قومی حکمت عملی کے اجرا کے بعد لاجسٹک خدمات اور ٹرانسپورٹ سسٹم کے تمام شعبوں میں منصوبے بنائے گئے ہیں۔

- Advertisement -

سعودی وزیر مواصلات کے مطابق اعلیٰ قیادت کی سرپرستی سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک خدمات کا شعبہ سہولتوں کا معیار بلند کرنے، مسابقت کے فروغ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پر عزم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 2022 کے دوران کارگو اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتیں 2021 کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ رہیں، اس منصوبے میں ریاض، جدہ اور دمام بھی شامل ہوں گے۔

’درب الوطن‘ کمپنی تین گروپوں میں سے ایک ہے جو 75 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں میں 26 روٹس پر یومیہ 124 بسیں چلائے گی۔

اس منفرد پروجیکٹ کے باعث 35 ہزار سے زیادہ آسامیاں پیدا ہوں گی اور اس سے مجموعی قومی پیداوار 3.2 ارب ریال کا اضافہ ہوگا،یہ پہلا غیرملکی سرمایہ کاری پروجیکٹ ہے۔

تیسری کمپنی ’سیٹ‘ 80 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں میں 27 روٹس پر یومیہ 178 بسیں چلائے گی۔ اس کے علاوہ نارتھ ویسٹ بس کمپنی بھی پارٹنر ہے۔ یہ 70 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں میں 23 روٹس پر روزانہ 190 بسیں چلائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں