اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے شاہ فرمان کو گورنر خیبر پختون خواہ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا.
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے شاہ فرمان کو کے پی کے کا گورنر نامزد کر دیا، جس کے لیے شاہ فرمان نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا.
شاہ فرمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے بہت قربانیاں دیں، قبائلی علاقوں کے مسائل حل کریں گے، فاٹا کو بھی خیبرپختون خواہ کے برابر ترقی دیں گے.
ان کا کہنا تھا کہ 2013 کےالیکشن کے بعد سے ذاتی سیکیورٹی نہیں لی، وی آئی پی کلچر ہم پہلے ہی ختم کرچکے ہیں، گورنر ہاؤس استعمال نہیں کروں گا.
ان کا کہنا تھا کہ گورنرہاؤس کےقریب دو مقامات کےاستعمال کا فیصلہ عمران خان کریں گے.
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ فاٹا کے قدرتی وسائل پروہاں کےعوام کا ہے، جو انھیں دیا جائے گا، فاٹاکےعوام کوترقی،ٹیکس میں چھوٹ مہیاکریں گے،علاقے کےلئے ایک اچھا پیکیج موجود ہے.
وزیراعظم کی رہائش کا معاملہ ابھی طے نہیں ہوا: فواد چوہدری
اس موقع پر پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی رہائش کا معاملہ ابھی حتمی طورپر طے نہیں ہوا، وزیراعظم کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات بھی زیرغور ہیں.
فوادچوہدری نے کہا کہ امید ہے وفاقی کابینہ عید سے پہلے ہی حلف اٹھالے گی، اپوزیشن سے کہہ چکے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی کے شواہد سامنے لائے.
انھوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اپوزیشن کی جماعتوں کو اپنی اپنی سیاست کرنی چاہیے.
ترجمان پی ٹی آئی نے امید ظاہر کی کہ عمران خان 180 سے 184 کے درمیان ووٹ حاصل کریں گے اور پہلے راؤنڈ میں ہی وزیراعظم کا انتخاب جیت جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کون ہوگا آئندہ 48گھنٹے میں معلوم ہوجائے گا.