اشتہار

بیس اپریل کو عدالت سے کرپشن کا جنازہ نکلے گا، شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : مجھے امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ حکمران خاندان کے خلاف آئے گا۔ چور، لٹیرے اور بے ایمان لوگوں کا قانون کے ذریعے احتساب ہوگا، انشاء اللہ اس مرتبہ عدالت سے کرپشن کا جنازہ نکلے گا۔

ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ 20اپریل کو ’ن‘ یا قانون کی بالادستی پر فیصلہ آئے گا، قوم ایمان کی حد تک یقین رکھتی ہے کہ قطری خط جعلی تھا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایک سال میں ٹی وی اور اخبارات میں جتنے اشتہارات دیئے گئے اتنے اشتہارات تو ستر برسوں میں نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ تو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہے میاں نوازشر یف کا سیاسی استاد جنرل جیلانی تھا۔ جس عمر میں ہمارے بچے کھیلتے کودتے ہیں حکمران خاندان کے بچے کھربوں روپے کی پراپرٹی کے مالک کس طرح بن جاتے ہیں؟

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس نواز شریف اور میرا ون ٹو ون شو ہے نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 62اور63کا کیس میں لے کر سپریم کورٹ گیا تھا میاں نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ میرے کیس پرآئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ بیس کروڑ عوام کے لئے سیاست کررہاہوں سال رواں پاکستانی سیاست کے حوالے سے فیصلہ کن سال ہے ایک طرف غریب عوام کو کھانے کے لئے روٹی اور پینے کو پانی میسر نہیں دوسری طرف حکمران خاندان کی دولت میں دن دگنی رات چوگنی اضافہ ہورہاہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر غور کرنے کے لئے کل عمران خان سے ملاقات کرونگا ۔ میں نے زرداری صاحب سے کہا تھا کہ بلاول کو موقع دیا جائے تو کچھ بات بن سکتی ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ملک ان حکمرانوں کی وجہ سے تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے قائد اعظم سولرکے نام پر اربوں روپے لٹائے گیا اورملک بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار ہے۔

میاں خاندان ڈرامہ بازی کے ماہر ہے پچھلے دور حکومت میں شہباز شریف ایک ہاتھ سے پنکھا چلا کر تماشہ کرتے تھے آج ان کی اپنی حکومت میں بجلی کا بحران عروج پر پہنچ چکا ہے، اگر پانامہ کیس کا فیصلہ حکمران خاندا ن کے خلاف آتا ہے تو ان کے قریبی ساتھی بھی ان کوچھوڑ دیںگے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے مجھے بھی کہا تھا کہ ملز لگا دے، لیکن میرے نہ توبیوی ہے نہ بچے، میں تو عوامی سیاست کررہاہوں مجھے دولت کی کوئی ضرورت نہیں۔جنہوں نے اقتدار کا ناجائزاستعمال کرکے دولت بنائی ان کو بھگتنا پڑے گا، اگر تیس افراد اور ان کے اولادوں کو قانون کے شکنجے میں لایاجائے تو اس ملک کا سارا قرضہ ادا کیا جاسکتا ہے۔

آرٹیکل 62/63پر ابھی تک 21 افراد نااہل ہوچکے ہیں امید ہے 22ویں نمبر نوازشریف کاہوگا، ان کا کہنا تھا کہ میں پوچھنا یہ چاہتا ہوں کہ ملک میں کاروبار روز بروز زوال کا شکار ہے جبکہ حکمران خاندان کی دولت میں روز افزوں اضافہ کس طرح ہورہا ہے؟

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر پانامہ کیس میں کمیشن بنانے کا فیصلہ ہوااور میاں نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوجاتے ہیں تو میں کمیشن کے سامنے پیش ہوجاﺅنگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ قطری خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اگر قطری خط کو قانونی دستاویز مانا گیا تو عدلیہ سے عوام کا اعتبار اٹھ جائے گا۔

وزیر اعظم نوازشریف وہ شخص ہے جس نے ساری دولت اقتدار کے دوران بنائی ۔ کل سے دیکھ لیں کہ ٹی وی اور اخبارات میں اشتہارات کا انبار لگے گا ملک میں غربت کی وجہ حکمران خاندان ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی نواز شریف کو بچانے نہیں آئے گی ۔ پانامہ لیکس اور ڈان لیکس کا فیصلہ آنے کے بعد آصف زرداری صاحب بھی گھبرائیں گے کیونکہ یہ بھی دودھ کے دھلے تو نہیں ہے ان کے بھی بیرون ملک دولت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے نواز شریف کبھی بھی شہباز شریف اور ان کے خاندان کو سیاست میں جگہ نہیں دیں گے، شہبازشریف کی نواز شریف سے الگ کوئی حیثیت نہیں اگر نواز شریف نہ رہا تو کچھ بھی نہیں بچے گااور ن لیگ میں توڑ پھوڑ شروع ہوجائے گی۔

20اپریل کو حکومت کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد اگر کسی قسم کی شرارت کی کوشش کی گئی تو آئین کے آرٹیکل 190کے تحت فوج ، رینجرز سمیت سارے ادارے سپریم کورٹ کے ماتحت ہیں وہ آگے بڑھ کر حکومت کے کسی بھی غیر آئینی قدم کا راستہ روک سکتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں