ممبئی: بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ شردھا کپور ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور ثانیہ نیہوال کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اچانک اُن کی طبیعت خراب ہوئی۔
اداکارہ نے ہدایت کار امول گپتا کو اپنی بگڑتی طبیعت کے بارے میں آگاہ کیا جس کے بعد انہیں نئی دہلی کے ایک اسپتال میں معائنے کے لیے لے جایا گیا۔ ڈاکٹرز نے مرض کی تشخیص کے لیے خون ٹیسٹ کیا جس کی رپورٹ آئی تو معلوم ہوا کہ شردھا کوڈینگی کا مرض لاحق ہوگیا۔
ڈاکٹر نے شردھا کو مستقل آرام کرنے کا مشورہ دیا جس کی روشنی میں ہدایت کار نے فلم کی شوٹنگ کو کچھ روز کے لیے روک دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شردھا کپور نے ہدایت کار کی آئی ڈی سے مداحوں کے نام ایک پیغام جاری کرتے ہوئے بیماری کی تصدیق کی اور کہا کہ ’آپ لوگ بے فکر رہیں میری طبیعت پہلے سے بہت بہتر ہے اور صحت تیزی سے بحال ہورہی ہے‘۔
واضح رہے کہ شردھا کپور نے گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جن میں وہ ٹینس کھیلتی نظر آرہی تھیں۔ اداکارہ دراصل اپنی نئی آنے والی فلم میں ٹینس اسٹار کا کردار ادا کررہی ہیں۔
یاد رہے کہ شردھا کپور کی حال ہی میں ’بتی گُل میٹر چالو‘ فلم ریلیز ہوئی جس میں اُن کے ساتھ شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دوہزار اٹھارہ میں اداکارہ کی بتی گُل میٹر چالو، ساہو ، بیڈ منٹن اسٹار ثانیہ نہوال کی زندگی اور ہارر کامیڈی فلم جبکہ چندا ماما دور کے ریلیز ہوں گی، مجموعی طور پر 2018 میں شردھا پانچ فلموں میں مختلف ہیروز کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔