ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

آرمی چیف کی معاشی بحالی کیلیے حکومتی اقدامات کی حمایت کی یقین دہانی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ایپکس کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے معاشی بحالی کیلیے حکومتی اقدامات کی حمایت کی یقین دہانی کروا دی۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کا 8واں اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، وفاقی کابینہ ارکان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزارتوں نے کلیدی شعبوں میں منصوبوں پر پیشرفت اور متوقع سرمایہ کاری کی بروقت تکمیل سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔

ایپکس کمیٹی نے ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف شعبوں میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدےکو سراہا۔ کمیٹی نے یو اے ای اور کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں پر دستخط کو بھی سراہا۔

- Advertisement -

اجلاس میں دوست ممالک کے ساتھ معاشی روابط میں اضافہ کو بھی سراہا گیا۔ کمیٹی نے مفاہمتی یادداشتوں کو تیز رفتاری سے معاشی حقیقت میں تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں نجکاری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اہم اہداف کی بروقت تکمیل میں اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہا گیا۔ کمیٹی نے اہم اہداف کیلیے اسی رفتار کو برقرار رکھنے کیلیے ہدایات دیں۔ سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے کیلیے مختلف اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولیوشن کا طریقہ کار مضبوط بنانے کیلیے پالیسی اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دی گئی۔

سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلیے انفرااسٹرکچر کی ترقی تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔ معیشت کے اہم شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کیلیے جاری شمولیتی نقطہ نظر کو سراہا۔ کمیٹی نے اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ایس آئی ایف سی کے اقدامات  بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں