ممبئی: بھارتی گلوکار سونونگم نے اپنی ہی فلم انڈسٹری پر بھڑکتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلایا ہی کیوں جاتا ہے، ہم کسی کو اپنا ساتھی بنا کر اسے مروادیتے ہیں پاکستان ایسا نہیں کرتا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار سونو نگم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر بالی ووڈ فلم سازوں کو پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانی ہے تو پھر انہیں بلایا ہی کیوں جاتا ہے، سونو نگم کو پاکستانی فن کاروں کی حمایت میں گفتگو کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
سونو نگم نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے کو محدود کرنے کی ذمہ دار ہماری اپنی انڈسٹری ہے، یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانے سے دونوں ممالک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سونو نگم نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو ہوا دینے میں میڈیا کا متعصبانہ رویہ تھا، میڈیا نے غیرذمہ دارانہ اور جذباتوں کو بھڑکانے والی رپورٹنگ کرکے جنگ کا ماحول بنایا اور عوام کے غصے کو بڑھاوا دیا۔
مزید پڑھیں: بھارتی گلوکار سونو نگم اپنے ہی میڈیا پر برس پڑے
خیال رہے کہ پلواما میں 44 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا، اس کے بعد پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستانی فن کاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
بھارتی فلموں کی مقبولیت میں پاکستانی گلوکاروں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے گانوں کا اہم کردار ہوتا ہے، دونوں گلوکاروں نے متعدد بالی ووڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔