ممبئی: بھارت کے معروف گلوکار سونو نگم اپنے ہی میڈیا پر برس پڑے اور تمیز سیکھنے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی گلوکار سونو نگم نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمارے میڈیا اور صحافیوں کو اب سمجھ دار ہوجانا چاہئے اور غلط بیانی سے گریز کرنا چاہئے، آپ پاکستان کے ساتھ غلط رویہ رکھیں گے تو وہ بھی سامنے سے جواب دیں گے۔
سونو نگم نے کہا کہ ہمارا میڈیا لوگوں کی موت کا جشن مناتا ہے کسی کی موت کا جشن ہم کیسے مناسکتے ہیں، ہمارے میڈیا کو سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، ہمیں بھی اچھا انسان بننے کی ضرورت ہے۔
بھارتی گلوکار کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے نامناسب روئیے کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں بھارت کی بدنامی ہورہی ہے وہیں خود بھارت سے بھی اپنے میڈیا کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کی حمایت کرنے پر بھارتی اداکارہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں
انہوں نے کہا کہ میچ میں ابھی پہلی ہی گیند کرائی گئی تھی اور میڈیا نے شور مچانا شروع کردیا کہ ہم جیت گئے، یہ بھارتی میڈیا کی بہت ہی احمقانہ حرکت ہے، آپ اشتعال انگیز ٹویٹس کررہے ہیں اور سامنے والے کو چڑا رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق سونو نگم نے میڈیا پر شدید تنقید اس لیے کی ہے کہ کیونکہ میڈیا نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا تھا، جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ کتنا اچھا ہوتا اگر میں پاکستان میں پیدا ہوتا اور پھر مجھے بھی بھارت سے میوزک انڈسٹری میں کام کرنے کے بڑے مواقع پیش آتے۔