ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی گزشتہ برس دسمبر 2017 شادی کے بعد سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں تاہم اب کی بار سری لنکا کے وزیر کھیل نے ویروشکا کو سرکاری مہمان بننے کی دعوت دی تو ایک بار پھر نامور جوڑا میڈیا میں زیر بحث بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق انوشکا شرما نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے گزشتہ برس دسمبر میں اٹلی کے شہر میلان میں شادی کی جس کے بعد جوڑا ہنی مون منانے کے لیے یورپ روانہ ہوا اور پھر بھارت واپس لوٹا، نوبیاہتا جوڑے نے وطن واپس پہنچ کر شادی کی اعزازی تقاریب منعقد کیں جن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت معروف سیاسی و شوبز شخصیات نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔
شادی کے بعد اب دونوں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما اپنی پروفیشنل لائف میں واپس آگئے، کپتان نے کھیل کے میدان میں سنچری بنائی تو اسے اپنی اہلیہ کے نام کیا اور جیسے ہی اداکارہ کی فلم کا ٹریلر آیا تو اس پر اپنی محبت کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: انوشکا نے منفرد ریکارڈ بنا ڈالا
گزشتہ دنوں انوشکا شرما نے میڈیا میں بے بنیاد انٹرویو نشر ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری نجی زندگی سے متعلق غلط بیانی کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے، جو باتیں بھی ہوں گے ہر چیز سے آپ کو آگاہ کردوں گی۔
تاہم اب اطلاع سامنے آئی ہے کہ سری لنکا کے وفاقی وزیر کھیل دیا سری جیسےکیرا نے بھارتی جوڑے کو بطور سرکاری مہمان اپنے ملک میں مدعو کیا ہے مگر معاملہ یہ بھی ہے کہ جیسے کیرا ویرات کوہلی سے نہیں بلکہ انوشکا شرما سے ملنے کے خواہش مند ہیں۔
وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ’میں ویرات کوہلی کو کھیلنے کی دعوت نہیں دے رہا لیکن میرے خواہش ہے کہ اُن کی اہلیہ انوشکا اپنے شوہر کے ساتھ ہمارے ملک میں کچھ دن گزاریں اور ملاقاتیں کریں، دونوں لوگ اس دوران وہ ہمارے سرکاری مہمان ہوں گے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی جوڑے کے سفری اخراجات، رہائش ، طعام، قیام اور سیر و تفریح سمیت ہر چیز کی ذمہ داری حکومت کی ہوگی اور انہیں باقاعدہ پروٹوکول میں ملک کے تاریخی مقامات کا دورہ کروایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: انوشکا بھوت بن گئیں، پہلی جھلک سامنے آگئی
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ آج کل اپنی نئی آنے والی دو فلموں سوئی دھاگہ اور زیرو کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ حال ہی میں اُن کی نئی پکچر حال ہی میں ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے اب تک کے کریئر کا منفرد کردار ادا کیا، بھارتی جوڑے نے سری لنکن وزیر کی دعوت کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا۔