لاس اینجلس: عشروں سے جاری جنگ اپنے اہم موڑ پر پہنچ گئی، بلاک بسٹرسائنس فکشن سیریز اسٹار وارز کی نویں فلم کا ٹیزر سامنے آگیا.
تفصیلات کے مطابق اسٹار وارز کی سیکوئل ٹرائلوجی کی آخری فلم سامنے آگئی، مجموعی طور پر یہ فلم ’اسٹار وارز‘ کی نویں مرکزی فلم ہے۔
اسٹار وارز کے بینر تلے مرکزی فلموں کے علاوہ بھی دیگر فلمیں بنائی گئی ہیں، البتہ مرکزی کہانی پر مشتمل 8 فلمیں ریلیز ہوچکی ہیں اور اب سیریز کی 9 ویں فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
اسٹار وارز‘ سیکوئل ٹرائلوجی کے سلسلے کی آخری اور تیسری فلم دی رائز آف اسکائی واکر کو رواں برس دسمبر تک ریلیز کیا جائے گا۔
سیکوئل ٹرائلوجی کی پہلی فلم ’دی فورس اویکن‘ 2015 میں ریلیز کی گئی تھی، اس کے تحت دوسری فلم ’دی لاسٹ جڈائے‘ 2017 میں سنیما کی زینت بنی.
اب اسی سیکوئل ٹرائلوجی کی تیسری اور آخری فلم ’دی رائز آف اسکائی واکر‘ کا ٹیزر آیا ہے، جس کو شان دار ردعمل ملا اور چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں افراد اسے دیکھ چکے ہیں.
اس فلم میں ڈیزی ریڈلے، ایڈم ڈرائیور، جان بوئگا، آسکر ایساک، لپیتا نیونگ اور کیلی میری ترن جیسے اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے.