The news is by your side.

Advertisement

سعودی عرب کے ثقافتی فیسٹیول میں‌ فنکاروں پر حملہ، 3 افراد زخمی

ریاض : سعودی عرب کے ثقافتی فیسٹیول کے دوران فنکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے والا ملزم گرفتار ہوگیا، چاقو زنی کی واردات میں دو مرد اور ایک خاتون فنکار زخمی ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے ثقافتی فیسٹیول میں ایک پرفارمنس کے دوران یمنی شخص نے فنکاروں پر چاقو سے حملہ کردیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیج پر مرد و خواتین فنکار پرفارم کررہے ہیں کہ اسی دوران ایک شخص اسٹیج پر چڑھا اور فنکاروں پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں مرد و خواتین فنکار زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق ریاض میں رواں سال اکتوبر کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والے ثقافتی فیسٹیول کے دوران فنکاروں پر حملہ کرنے والے شخص کو پولیس نے فوری طور پر گرفتار کرلیا جبکہ جس چاقو سے حملہ کیا گیا وہ بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فنکاروں پر حملہ کرنے والا ملزم 33 سالہ یمنی شہری ہے جو گزشتہ کچھ برس سے سعودی عرب میں ہی مقیم تھا۔

یہ تقریب ریاض کے کنگ عبداللہ پارک میں جاری تھی، جہاں غیر ملکی تھیٹر فنکار نیم عریاں ملبوسات میں پرفارم کررہے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جن فنکاروں پر حملہ کیا گیا انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ ریاض سیزن نامی یہ میلہ رواں برس دسمبر کے وسط تک جاری رہے گا اور اس میں متعدد عرب فنکاروں سمیت مغربی ممالک کے فنکاروں کی جانب سے بھی پرفارمنس کیے جانے کا امکان ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پروگرامات دیکھنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں سے مرد و خواتین سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے اور پہلی بار مرد و خواتین کو ایک ہی جگہ مکمل تفریحی ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے اور اس میلے کی تعریفیں پوری دنیا میں ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ اسی سیزن میں 25 اکتوبر کو پاکستانی گلوکاروں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نےبھی پرفارمنس کرچکے ہیں۔

fb-share-icon0
Tweet 20

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں