ممبئی: کینسر کے علاج کی غرض سے امریکا میں مقیم بالی ووڈ اداکارہ سونالی بیندرے بھارت واپس پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سونالی گزشتہ روز اپنے خاوند گولڈی بہل کے ہمراہ ممبئی کے ایئرپورٹ پہنچیں ساتھ میں اداکارہ نے اپنی واپسی کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔
مداحوں اور ساتھیوں نے انہیں وطن واپسی پر کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گولڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سونالی کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور وہ صحت یابی کی طرف تیزی سے لوٹ رہی ہیں مگر ابھی بیماری مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی‘۔
اداکارہ کے شوہر کا کہنا تھا کہ ’ابھی مستقل چیک اپ کی ضرورت ہے جس کے لیے امریکا آنے جانے کا سلسلہ جاری رہے گا‘۔
مزید پڑھیں: کینسر سے نبردآزما سونالی باندرے نے کتابوں سے دوستی کر لی
سونالی بیندرے نے اپنے انسٹاگرام پر وطن واپسی کا جذباتی انداز میں اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’کچھ لوگوں کا ماننا ہے دوریوں کی وجہ سے دلوں میں محبت پیدا ہوجاتی ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ فاصلے بھی کچھ سبق دیتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں جب گھر سے دور نیویارک میں تھی تو احساس ہوا کہ میں بیک وقت بہت ساری کہانیوں کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں، میں جدوجہد کررہی ہوں اور ہمت ہارنے کے لیے تیار نہیں ہوں، اس جہد مسلسل کو جاری رکھوں گی‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اب میں اُن راستوں پر واپس جارہی ہوں جہاں نہ صرف میرا دل ہے بلکہ ایک احساس بھی ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے، اپنے رشتے داروں اور دوستوں کو دیکھ کر جو خوشی ہوئی اور انہوں نے جیسے استقبال کیا اُس پر میں سب کی شکر گزار ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: کینسر سے لڑنے والی اداکارہ سونالی بیندرے کی طبیعت بہتر ہونے لگی، شوہر کی تصدیق
سونالی نے مزید لکھا کہ ’جنگ ابھی ختم تو نہیں ہوئی مگر مجھے خوشی ہے کہ اس میں ایک وقفہ ضرور آیا جس کا میں خود بھی استقبال کررہی ہوں، کرس مارٹن نے بالکل ٹھیک کہا کہ جو آپ چاہتے ہیں وہ صرف ایک خواب کے فاصلے پر ہے‘۔
یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں سونالی کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کی تصدیق انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں خود کی تھی کہ انہیں ہائی گریڈ کینسر ہوگیا۔