ممبئی: بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے ساتھی اداکارہ کی طرف سے عائد کیے جانے والے جنسی ہراساں کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تمام میسجز سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ سنجانا سانگھی نے ایک روز قبل مبینہ الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ’کزی اینڈمینی‘ کے سیٹ پر سوشانت نے ہراساں کیا جس کی وجہ سے انہیں پریشان کا سامنا کرنا پڑا۔
سنجانا نے الزام عائد کیا تھا کہ شوٹنگ کے دوران سوشانت نے مجھ سے بے تکلف ہونے کی کوشش کی اور اس بہانے وہ بہت قریب بھی آئے۔
مزید پڑھیں: والد پر خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام، نندتا داس نے خاموشی توڑ دی
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا تذکرہ والدین سے بھی کیا جس کے بعد انہوں نے مشورہ دیا کہ جب سنجانا مطمئن ہوں یا سیٹ پر دیگر لوگ موجود ہوں تب ہی جائیں۔
سوشل میڈیا پر شور ہونے کے بعد سوشانت نے ایک روز بعد ہی حقائق مداحوں اور عوام کے ساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوشانت نے اداکارہ کے ساتھ میسجز پر ہونے والی بات چیت کے اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے بہت افسوس ہے کہ کسی کی ذاتی باتیں اس طرح سامنے لارہا ہوں، مگر یہ سب کچھ ضروری تھا تاکہ صحیح بات کا علم ہوسکے‘۔ ایک اور ٹویٹ میں میں سوشانت نے مزید میسجز شیئر کیے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ماڈل کا سلمان خان اور بھائیوں پر زیادتی کا الزام
بالی ووڈ انڈسٹری میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی اداکار نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کا بھرپور جواب دیا۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں گزشتہ کئی دنوں سے می ٹو مہم جاری ہے جس کی زد میں اب تک نامور اداکار آچکے، سب سے پہلے نانا پاٹیکر پھر الوک ناتھ، ساجد خان، سلمان خان اور دیگر پر مختلف خواتین کی جانب سے الزامات عائد کیے گئے۔