لالی ووڈ کے ہدایت کار سید نور نے ٹک ٹاکر جنت مرزا کی فلموں میں فلاپ ہونے کی وجہ بیان کردی۔
نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں میزبان نے سید نور سے سوال کیا کہ جنت مرزا بہت خوبصورت ہیں آپ نے انہیں موقع بھی دیا اور فلم بنائی لیکن وہ فلموں میں اپنا نام اور مقام نہیں بنا پائیں؟
سید نور نے کہا کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں یہ ڈائریکٹر کا یعنی میرا قصور ہے یا یہ کہہ لیں کہ قسمت کا قصور ہے فلم کی ریلیز ایسی ہوئی کہ لوگوں کو پتا ہی نہیں چلا۔
انہوں نے کہا کہ فلم کی پروموشن نہیں ہوئی یہ ایک وجہ بھی ہے۔
واضح رہے کہ سید نور نے ایک فلم ”تیرے باجرے دی راکھی“ کی ہدایت کاری کی تھی جس میں صائمہ نور اور جنت مرزا نے اداکاری کی تھی، یہ فلم بری طرح فلاپ ہوئی اور جنت مرزا ایک کامیاب فلمی اداکارہ نہ بن سکیں، جو ناظرین کو سینما کی طرف کھینچ سکیں۔
بعدازاں سید نور نے انکشاف کیا تھا کہ جنت مرزا بطور فلم اسٹار اپنی پہچان کیوں نہیں بنا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنت بہت تعلیم یافتہ لڑکی ہے اس کا تعلق ایک بہت ہی تعلیم یافتہ اور خوشحال گھرانے سے ہے، انہیں فلم اسٹار بننے کا شوق نہیں تھا، وہ جانتی تھیں کہ وہ ایک ماہر ٹک ٹاکر ہیں، یہی وجہ ہے کہ فلم کی ناکامی نے ان پر کوئی اثر نہیں ڈالا۔
اس کے علاوہ میں نے اسے فلم میں لیا کیونکہ میرے اس کی فیملی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور میں اسے پسند کرتا ہوں۔
سید نور کا کہنا تھا کہ ہم نے اسے نامناسب لباس پہننے یا بولڈ مناظر فلمانے پر مجبور نہیں کیا، ہم نے انہیں اس لیے سائن کیا تھا، کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ ان کے فالوورزآئیں اور سنیما گھروں میں فلم دیکھیں۔ لیکن لوگ نہیں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا اس لیے ہوا کیونکہ عام طور پر لوگ ٹک ٹاک مفت میں دیکھتے ہیں۔ جنت پہلے ہی اپنی زندگی میں بہت سی کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں، ان کے فالوورز ان سے مطمئن ہیں۔