تازہ ترین

ریٹائرڈ استاد کے بیٹے کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا

فیصل آباد کے علاقے کھچیاں برنالہ کے رہائشی ریٹائرڈ استاد کے بیٹے کو مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے ایک ریٹائرڈ استاد کا بیٹا بھی مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہو گیا ہے، اغواکاروں نے رہائی کے لیے پہلے دو کروڑ اور پھر 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ عدم ادائیگی پر مغوی کے قتل کی دھمکی دی ہے۔

اس واقعے کو ایک ماہ کا عرصہ ہو گیا ہے، تھانہ ملت ٹاؤن میں مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے تاہم پولیس تاحال مغوی کو بازیاب نہیں کروا سکی ہے۔

اہل خانہ کے مطابق عبدالولی کا 30 سالہ بیٹا سجاد 4 مارچ کو دھنولہ سے واپس گھر جاتے ہوئے لاپتا ہو گیا تھا، تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے عبدالولی کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا، بعد ازاں نامعلوم افراد نے مغوی کے اہلخانہ سے رابطہ کر کے خود کو کچے کے ڈاکو ظاہر کیا اور پہلے اس کی رہائی کے لیے دو کروڑ روپے تاوان مانگا اور پھر پچاس لاکھ روپے ادا کرنے کو کہا۔

کچے کے ڈاکوؤں نے 2 ماہ بعد لوئر دیر کے دو رہائشیوں کو رہا کر دیا

پولیس ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی مغوی سجاد کو بازیاب کروانے میں ناکام ہے، والد عبدالولی نے کہا ہے کہ اغواکار تاوان نہ ملنے پر اس کے بیٹے کو قتل کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں اور اسے تشدد کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

عبدالولی کا کہنا ہے انھوں نے اسکول سے ریٹائرمنٹ کے بعد پنکچر لگانے کی دکان بنا رکھی ہے، وہ اتنی رقم کہاں سے لائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ان کے بیٹے کو بازیاب کروائيں۔

Comments

- Advertisement -