اسلام آباد: اے آر وائی فلمز کے زیر اہتمام بننے والی فلم ’پرچی‘ کی ٹیم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملنے پہنچ گئی اور انہیں فلم کی ٹی شرٹس پیش کیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی فلمز، آئی آر کے فلمز اور عارف لاکھانی فلمز کی مشترکہ پیشکش اور اظفر جعفری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم پرچی کی ٹیم فلم کی تشہیر کے لیے ملک بھر کے دورے کر رہی ہے۔
اس موقع پر فلم کی ٹیم سے شاہد خاقان عباسی نے بھی وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ٹیم نے وزیر اعظم کو فلم کی ٹی شرٹ پیش کی جبکہ وزیر اعظم نے خوشگوار موڈ میں ان کے ساتھ تصاویر بھی کھنچوائیں۔
پرچی کی کہانی بھتہ خوروں کی جانب سے تقسیم کی جانے والی پرچیوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ غنڈہ عناصر کاروباری لوگوں اور تاجروں سے کس طرح رقم طلب کرتے ہیں۔
فلم کے اداکاروں میں حریم فاروق، علی رحمٰن خان، احمد علی اکبر، عثمان مختار، شفقت چیمہ ہیں جب کہ اس کے مصنف شفقت خان ہیں۔
فلم 5 جنوری کو پاکستان جبکہ 12 جنوری کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔