جمعہ, مارچ 7, 2025
اشتہار

تین سپراسٹارز ’’ خان ‘‘ ….. ہوئے ایک فلم میں جلوہ گر

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی فلم انڈسٹری میں راج کرنے والے تین ’’سپر اسٹار خان‘‘ شائقین فلم کی دلوں کی دھڑکن ہیں ان میں کسی ایک کی بھی فلم میں شمولیت کو یقینی کامیابی سے تعبیر کیا جاتا ہے تاہم ان کے مداحوں کی یہ بھی خواہش ہے کہ وہ تینوں ہیروز ایک ساتھ ایک فلم میں مدمقابل دیکھیں.

یہ تینوں ’’ خان ‘‘ شاید بھارتی فلم انڈسٹری کے وہ منفرد اداکار ہیں جن کے مداح ایک دوسرے کے ناقد نہیں بلکہ مداحوں کی بڑی تعداد یکساں طور پر عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان سے لگاؤ رکھتی ہے اور ان مداحوں کی خواہش ہے کہ تینوں ’’خان‘‘ ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں.

بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی ایسی فلموں نے بلاک باسٹر کامیابی حاصل کی ہیں جس میں بہ یک وقت دو دو یا تین تین ہیروز نے کام کیا ہو تاہم اب تک عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان نے کسی بھی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا ہے.

گو اس سے قبل عامر خان اور سلمان خان 1994 میں مزاحیہ فلم ’’ انداز اپنا اپنا ‘‘ میں دو اتفاقیہ طور پر ملنے والے دوستوں کا کردار ادا کرچکے ہیں اور یہ فلم بھی نہایت کامیاب گئی تھی جس میں دونوں ’’ خان ‘‘ کی ہلکی پھلکی کامیڈی نے شائقین کے دل موہ لیے تھے۔

تاہم نہ جانے کیوں اس کے بعد کبھی دوبارہ سلمان خان اور عامر خان ایک ساتھ کسی فلم میں نظر نہیں آئے حالانکہ اس دوران 2001 میں عامر خان دیگر دو ہیروز سیف علی خان اور اکشے کھنہ کے ساتھ فلم ’’دل چاہتا ہے‘‘میں مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں.

اسی طرح شاہ رخ خان بھی سلمان خان کی فلم میں ٹیوب لائٹ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں تاہم اب تک کوئی ایسی نظیر نہیں ملتی جس میں یہ تینوں ’’ خان ‘‘ ایک ساتھ پردہ اسکرین پر جلوے بکھیر رہے ہوں.

تام اب شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ عامر خان کی آنے والی نئی فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ میں سلمان خان اور شاہ رخ خان بھی بہ طور مہمان اداکار کے شرکت کریں گے یوں بھارتی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تین خان ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گے.

یش راج فلمز کی میگا بجٹ فلم ’’ ٹھگ آف ہندوستان ‘‘ میں عامر خان، سلمان خان، اور شاہ رخ خان کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جس کے باعث بھارتی فلم انڈسٹری کے بہترین سپر اسٹارز کو بہ یک وقت پردہ اسکرین پر دیکھا جا سکے گا.

خیال رہے فلم ’’ ٹھگ آف ہندوستان ‘‘ کی شوٹنگ مالٹا میں جاری ہے جب کہ اس فلم کا آفیشل ٹریلر فروری 2017 میں جاری کیا گیا تھا جس میں بگ بچن کو دیکھا جا سکتا ہے یہ فلم ممکن ہے اس سال کے آخر یا اگلے برس کے ابتدائیی مہینوں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی.


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

مزید خبریں