اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

خیبر پختونخواہ اور فاٹامیں دہشت گردی کے واقعات،3اہلکار جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور قبائلی علاقےفاٹا کی مہمند ایجنسی میں دہشت گردی کے واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے.

تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے ان واقعات میں بارودی سرنگ کے دھماکوں میں پولیس،خاصہ دار فورس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے 3 اہلکار شہید ہوئے.

پولیس کا کہنا تھا کہ پشاور میں پاجاگی روڈ کے علاقے میں متھرا تھانے کی پولیس وین کے قریب ایک بم دھماکا ہوا۔

- Advertisement -

واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن پشاور عباس مجاہد مروت نے بتایا کہ پولیس موبائل روٹین کے گشت پر تھی جب اسے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا،جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی جبکہ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا.

واقعے میں زخمی ہونے والے راہ گیر کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے.

پولیس کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ بم میں 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی.

دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں سیکورٹی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا،جس کے نتیجے میں بی ڈی یو کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کےلیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا.

بارودی سرنگ کا دوسرا دھماکہ مہمند ایجنسی کے علاقے چمر کنڈ میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاصہ دار فورس کا اہلکار جان کی بازی ہارگیا.

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں