انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں پاکستانی بلے باز سعود شکیل کے متنازع آؤٹ پر ویسٹ انڈین کرکٹر ٹینو بیسٹ بھی بول اٹھے۔
انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز قومی ٹیم کے فتح کے انتہائی قریب پہنچنے پر پاکستانی بلے باز سعود شکیل کو متنازع آؤٹ دیے جانے پر دنیا بھر میں آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں جن میں اب ویسٹ انڈین کرکٹر ٹینو بیسٹ بھی شامل ہوگئے ہیں۔
ٹینو بیسٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعود شکیل کو متنازع آؤٹ دیے جانے پر تھرڈ امپائر جوئل ولسن پر کڑی تنقید کی ہے۔
کیربیئن کھلاڑی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ولسن سالوں سے ایسے گھٹیا فیصلے دیتے آ رہے ہیں اور اب بھی دے رہے ہیں۔
ٹینو نے اپنے ٹوئٹ میں طنزیہ فقرہ کستے ہوئے کہا کہ تسلسل سے ایسے فیصلوں پر جوئل ولسن کو داد دینا تو دینی چاہیے۔
Joel Wilson does do so much crap for years now and still doing more crap 🤭 …. At lease he’s consistent well done 👍🏾
— Tino95 (@tinobest) December 12, 2022
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری دن تھرڈ امپائر جوئل ولسن نے اہم مرحلے میں سعود شکیل کو اس وقت وکٹوں کے عقب میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ قرار دیا کہ جب وہ 94 رنز پر کھیل رہے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے صرف 45 رنز درکار تھے۔
سعود شکیل جب 94 کے اسکور پر ووڈ کی گیند پر وکٹ کیپر پوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے تو ری پلے میں گیند گراؤنڈ سے لگتی دکھائی دے رہی تھی لیکن تھرڈ امپائر نے بلے باز کو شک کا فائدہ دینے کے بجائے آؤٹ قرار دے دیا۔
سعود شکیل کے آؤٹ ہوتے ہی بقیہ تین کھلاڑی بھی جلد پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کو اس ٹیسٹ میں 26 رنز کے ساتھ شکست ہوئی اور انگلینڈ 22 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب رہا۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔