پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بھارت کے ریپ کیپیٹل کا بھیانک چہرہ اجاگر کرتی ماتر

اشتہار

حیرت انگیز

دنیا بھر میں ریپ کیپیٹل کے نام سے جانے جانے والے شہر نئی دہلی میں عورتوں سے زیادتی اور بعد ازاں نااںصافی کی بھیانک تصویر پیش کرتی بالی ووڈ فلم ’ماتر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم میں روینہ ٹنڈن ایک طویل عرصے بعد نہایت مضبوط کردار میں نظر آرہی ہیں۔

فلم ماتر ایک ایسی ماں کی کہانی ہے جس کی نو عمر بیٹی ٹیا کو اجتماعی زیادتی و تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ٹریلر میں نو عمر ٹیا کو نہایت ابتر حالت میں دکھایا گیا ہے جو بعد ازاں مر جاتی ہے۔

maatr-3

ٹریلر کے مطابق ٹیا اور اس کی ماں بھارتی عدلیہ سے انصاف پانے میں ناکام رہتی ہیں جس کے بعد ٹیا کی ماں اپنی بیٹی کا بدلہ لینے کے اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔

فلم میں ماں کا کردار ادا کرنے والی روینہ ٹنڈن کی ایک طویل عرصے بعد فلموں میں واپسی ہوئی ہے اور ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہو رہا ہے کہ وہ اپنے اس جاندار کردار کو نہایت بھرپور اور شاندار انداز سے نبھانے میں کامیاب رہی ہیں۔

فلم میں بھارتی نظام انصاف کی خامیوں کا پردہ چاک کیا گیا ہے کہ کس طرح زیادتی کا شکار لڑکی اور اس کا خاندان اندوہناک واقعے کے بعد دہری ذلت اور اذیت سے گزرتے ہیں، جب پولیس اسٹیشن اور عدالتوں میں انہیں اپنے ہی کردار کی گواہی کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: خواتین اپنے ساتھ زیادتی کی خود ذمہ دار ہیں، بھارتی سیاستدان

ٹریلر میں متعدد بار جج اور پولیس اہلکار ماں اور اس کی بیٹی کو ہی اس بھیانک واقعے کا ذمہ دار ٹہراتے نظر آتے ہیں۔

maatr-2

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ با اثر ملزمان ٹیا کے باپ کو تشدد کر کے اسے کیس واپس لینے پر مجبور کرتے ہیں جس کے بعد وہ اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کرلیتا ہے، اور اس کے بعد روینہ اکیلی اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کی جنگ لڑتی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق بھارت میں اس وقت خواتین سے زیادتی چوتھا بڑا اور عام جرم بن چکا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2013 میں لگ بھگ 25 ہزار خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کاشتکار خواتین جنسی زیادتی کا نشانہ بننے پر مجبور

دوسری جانب ہر سال پیش آنے والے زیادتی کے واقعات میں سے صرف 5 سے 6 فیصد ایسے ہیں جو رپورٹ ہو پاتے ہیں۔

ان میں بھی ملزمان آزاد ہوجاتے ہیں اور زیادتی کا شکار متاثرہ لڑکی اور اس کا خاندان انصاف کے حصول میں بری طرح ناکام رہتے ہیں۔

ٹریلر میں آخر میں دکھایا گیا ہے، ’اس وقت جب آپ یہ ٹریلر دیکھ رہے ہوں گے، اس وقت بھارت میں کہیں نہ کہیں کوئی لڑکی زیادتی کا نشانہ بن رہی ہوگی‘۔

مزید پڑھیں: جنسی حملوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

اشتر سعید کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ماتر رواں سال 21 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں