منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

ٹرمپ کی تنقید پر سی این این کا کرارا جواب

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متنازعہ ٹویٹس کے حوالے سے اکثر و بیشتر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر بھی تنقیدی ٹویٹ کی لیکن سی این این کے جوابی ٹویٹ نے انہیں چپ کروا دیا۔

 تفصیلات کے مطابق  ڈونلڈ ٹرمپ چند ایک نیوز چینلز کو چھوڑ کر بقیہ تمام نیوز چینلز پر جانبداری اور جھوٹی خبریں دینے کا الزام عائد کرتے ہیں اور اس سلسلے کا آغاز انہوں نے اپنی صدارتی انتخابی مہم سے شروع کر رکھا ہے۔

اب ایک بار پھر انہوں نے سی این این پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ، ’امریکی چینل فوکس نیوز امریکا میں سی این این سے زیادہ مقبول اور معتبر ذریعہ اطلاعات ہے، تاہم امریکا کے علاوہ دنیا بھر میں سی این این (جھوٹی) خبروں کا ایک بڑا ذریعہ ہے‘۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سی این این دنیا بھر میں امریکا کی نہایت بری نمائندگی کرتا ہے۔ بیرونی دنیا امریکا کے اندر کے اصل حقائق نہیں جان پاتی۔

جواب میں سی این این کی جانب سے ٹویٹ کیا گیا کہ ’یہ سی این این کا کام نہیں کہ وہ دنیا بھر میں امریکا کی نمائندگی کرے۔ یہ آپ کا کام ہے۔ ہمارا کام صرف ہونے والے واقعات کو رپورٹ کرنا ہے‘۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان دونوں کی ٹویٹس کو لے کر بحث کا آغاز بھی ہوگیا جس میں کچھ افراد نے ٹرمپ جبکہ کچھ نے سی این این کے مؤقف کو درست قرار دیا۔

ایک صارف نے کہا، ’آپ خبر ایجاد کرتے ہیں‘۔

ٹویٹر پر ایک اور شخص کا کہنا تھا، ’آپ خبر رپورٹ نہیں کرتے، اسے جھوٹ بنا کر پیش کرتے ہیں‘۔

ایک اور صارف نے سی این این کی حمایت میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’ٹرمپ کو سی این این پسند نہیں کیونکہ وہ ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف حقائق کو سامنے لاتا ہے۔ ٹرمپ کو سچ سے نفرت ہے‘۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں