تیونس : تیونس کی گلوکارہ کی خوبصورت آواز میں قرآن پاک کی تلاوت کرتے ویڈیو وائرل ہوگئی، سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ ویڈیو امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کی ہے جو غلط ثابت ہوئی، خوبصورت تلاوت کرنے والی خاتون گلوکارہ صوفیہ صادق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سورة الضحیٰ کی تلاوت کرتی ہوئی خاتون کی ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں ایک خاتون سورة الضحیٰ کی انتہائی خوبصورت تلاوت کرتی ہوئی نظر آرہی ہے۔
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ ویڈیو امریکی گلوکارہ سٹیفنی جونز جو لیڈی گاگا کے نام سے جانی والی کی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو لاکھوں بار شیئر کیا جاچکا ہے اور طرح طرح کے دعوے کیے جارہے ہیں لیکن اگر کوئی بھی شخص لیڈی گاگا کو جانتا ہے تو وہ یہ یقین کرنے پر تیار نہیں ہوگا کیونکہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون شکل سے 50 سال سے بھی زیادہ عمر کی لگ رہی ہیں جبکہ لیڈی گاگا کی عمر صرف 33 برس ہے۔
انتہائی خوبصورت آواز میں تلاوت کرنے والی خاتون دراصل ایک مسلمان گلوکارہ ہے، جس کا تعلق تیونس سے ہے۔ صوفیہ صادق نامی اس گلوکارہ کی عمر 56 سال ہے اور یہ تیونس ہی نہیں بلکہ پوری عرب دنیا کا ایک بڑا نام ہیں۔