تازہ ترین

ٹرمپ اور کم جونگ ملاقات، امریکی صدر ہنوئی روانہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان ویتنام میں ہونے والی ملاقات کے لیے ٹرمپ ہنوئی روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی روانہ ہوگئے، جہاں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے اہم ملاقات ہوگی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سے متعلق معاہدے کے لیے شمالی کوریا کے اپنے ہم منصب کم جونگ ان سے دوسری مرتبہ براہ راست مذاکرات کریں گے۔

نیشنل سیکورٹی کے مشیر جان بولٹن نے دو ماہ قبل کہا تھا کہ پچھلے سال جون میں سنگاپور میں جو وعدے کیے گئے تھے، شمالی کوریا کو ابھی ان پر عمل کرنا ہے جس کے لیے دوسری سربراہی ملاقات کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ دوسری سربراہی ملاقات میں کوئی بڑی پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں صدر ٹرمپ کو سیاسی طور پر نقصان ہو سکتا ہے۔

ٹرمپ اور کم جونگ کی ممنکہ ملاقات، مخالفین میدان میں آگئے

کم جونگ ان اور ڈونلڈ ٹرمپ سنگاپور میں پہلی ملاقات کے آٹھ ماہ بعد ویت نام کے دارالحکومت ہنوئی میں رواں ماہ 27 فروری کو دوسری ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ کئی امریکی ناقدین نے کم جونگ ان اور ٹرمپ کی 27 فروری کو ہونے والی ملاقات کو بے سود قرار دیا ہے۔

البتہ شمالی کوریائی حکام نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مخالفین کی باتوں پر توجہ نہ دیں کیوں کہ یہ مذاکرات کی ناکامی چاہتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -