فیصل آباد: چیمپئنز ون ڈے کپ میں پینتھرز کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر اسامہ میر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق لیگ اسپنر اسامہ میر نجی مصروفیات کی وجہ سے انگلینڈ روانہ ہوگئے اور وہ بقیہ میچز کے لیے پینتھرز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
اسامہ میر چیمپئنز کپ کے صرف 4 میچز کے لیے پینتھرز کو دستیاب تھے۔
لیگ اسپنر پی سی بی کو ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل ہی اپنی فیملی کی مصروفیات سے متعلق آگاہ کرچکے تھے۔
کرکٹ ویب سائٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسامہ میر نے آج کا میچ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے نہیں کھیلا، وہ دو روز قبل فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے تھے۔
اسامہ میر نے ٹورنامنٹ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
لیگ اسپنر نے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں لائنز کے شاہین آفریدی، احمد دانیال اور عرفان خان کی وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے دوسرے میچ میں ڈولفنز کے محمد اخلاق اور صاحبزادہ فرحان کو نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ پینتھرز کے کپتان شاداب خان بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں جس کے باعث اوپنر صائم ایوب ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔