سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پربالی ووڈ اداکاربھی اٹھ کھڑے ہوئے، ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔
مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی بھارتی فلموں کی اداکارہ ہما قریشی نے کہا ہے کہ مجھ کو اس بات کا افسوس ہے کہ بھارتی میڈیا نیوز چینلز میں کشمیر کی صحیح تصویر پیش نہیں کرتا۔
بھارتی میڈیا کشمیر سے متعلق منفی خبریں نشر کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیر بہت خوبصورت جگہ ہے، وہاں کے لوگ بھی بہت خوبصورت ہیں۔ سب کو مل کرمسئلہ کشمیرکاحل نکالناچاہئیے۔
اس حوالے سے ہما قریشی کے چھوٹے بھائی اداکار ثاقب سلیم کا کہنا ہے کہ ’شام کے 8 بجے ہی کشمیر میں جیسے زندگی رک سی جاتی ہے۔ وہاں کی عوام ہر صبح کرفیو کے ساتھ جاگتی ہے۔
بھارتی اداکار ثاقب سلیم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں زندگی رک سی گئی ہے، واضح رہے کہ ہما قریشی اور سلیم ثاقب کی والدہ کا تعلق وادی کشمیر سے ہے۔ ہما خود دلی میں پلی بڑھی ہیں لیکن وہ اب بھی ہرسال کشمیر جاتی ہیں۔ ہما قریشی حال ہی میں جولی ایل ایل بی 2 میں اکشے کمار کے ساتھ نظر آئی تھیں۔