پیر, مئی 27, 2024
اشتہار

وارم اپ میچ، افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

برسٹل: کاؤنٹی گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، حشمت اللہ شاہدی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 263 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے اوپنر بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا، اوپنر حضرت اللہ ززئی نے 28 گیندوں پر 49 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 8 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

- Advertisement -

وکٹ کیپر اوپنر بلے باز محمد شہزاد 25 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، افغانستان کی پہلی وکٹ 80 رنز پر گری، رحمت شاہ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سمیع اللہ شنواری 22 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر شاداب خان کو کیچ دے بیٹھے، اصغر افغان کو 7 رنز پر عماد وسیم نے بولڈ کیا۔

حشمت اللہ شاہدی 74 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، آل راؤنڈر محمد نبی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلبدین نائب 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، نجیب اللہ زردارن ایک رن بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین اورعماد وسیم دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد حسنین اور لیگ اسپنر شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 47.5 اوورز میں 262 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، بابر اعظم نے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 47 رنز پر گری جب امام الحق 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 19 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

بابر اعظم نے شاندار 112 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، حارث سہیل صرف ایک رن بنا کر محمد نبی کا شکار بنے۔

محمد حفیظ 12 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر رحمت شاہ کو کیچ دے بیٹھے، شعیب ملک 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان سرفراز احمد 13 رنز بنا کر اسٹمپڈ ہوئے۔

آل راؤنڈر عماد وسیم 18 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، حسن علی 6 اور لیگ اسپنر شاداب خان ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے تین شکار کیے، دولت زردان اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، حامد حسن اور آفتاب عالم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں